سرکاری محکموں میں ٹینڈرنگ کے نظام کی اوور ہالنگ ،اہم محکموں کیلئے ٹاسک سونپ دیا گیا

آن لائن ورکنگ اور تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ لازمی قرار دی جائے‘سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی ہدایت

منگل 18 دسمبر 2018 19:55

سرکاری محکموں میں ٹینڈرنگ کے نظام کی اوور ہالنگ ،اہم محکموں کیلئے ٹاسک سونپ دیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) پنجاب کے سرکاری محکموں میں مختلف منصوبوں کیلئے ٹینڈرنگ کے نظام کی اوور ہالنگ اور موجودہ ٹھیکیداری نظام میں خرد برد ہونے والی سرکاری رقوم کے خاتمے کیلئے صوبے کے اہم محکموں کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے جس میں 2ہفتے کے اندرنیا میکنزم تشکیل دینے کیلئے سفارشات تیارکی جائیں گی اور اس سلسلے میں9جنوری کو حتمی اجلاس منعقد ہوگا ،اس امر کا فیصلہ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت وزیر اعظم کی طرف سے قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں پنجاب کے محکمہ مواصلات و تعمیرات ،آبپاشی ،بلدیات ،ہاؤسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ انجیئرنگ کے صوبائی وزراء اورمتعلقہ محکموں کے سیکرٹریز صاحبان ے شرکت کی۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ اہم تعمیراتی محکموں میں مفاد عامہ کے منصوبوں کی رقوم کا بڑا حصہ ٹھیکیداری نظام اور کمیشن مافیا کی نذر ہو جاتا ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق سرکاری منصوبوں کیلئے نیا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا جس میں آن لائن ورکنگ ، تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ،بہترین کمپنیوں کا انتخاب اور ٹینڈرنگ کے نظام کی اوور ہالنگ شامل ہے ، سینئر وزیر نے ہدایت کی کہ پنجاب کے قومی تعمیر کے محکمے متفقہ میکنزم تشکیل دیں جس میں فنڈز کی خرد برد کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ ، سی اینڈ ڈبلیو ،بلدیات ، آبپاشی اور پبلک ہیلتھ انجیئرنگ کے منصوبوں میں کے پی کے اور این ایچ اے کے ماڈل کو پیش نظر رکھا جائے اور ان محکموں کی تنظیم نو کیلئے سفارشات مرتب کرنے کیلئے چین اور دیگر ملکوں کے نظام کا بھی مطالعہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے سرکاری محکموں میں کرپشن نیچے تک سرائیت کر چکی ہے گزشتہ حکومت نے بہتری لانے کی بجائے کرپٹ عناصر اور کرپشن کی سرپرستی کی لیکن عمران خان کے ویژن کے مطابق کرپشن ختم کیے بغیر نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور ہمیں اس کا آغاز بلا تاخیر پنجاب کے اہم سرکاری محکموں میں کرنا ہے جس کیلئے بہترین ماڈل پر عمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں صوبائی وزراء میاں محمود الرشید ، سردار محسن لغاری اور سردار آصف نکئی نے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے فیڈ بیک دیا ،اُن کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تشکیل سے لے کر اُن پر عملدرآمد تک موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ،محکمہ مواصلات و تعمیرات میں ای ٹینڈرنگ کیلئے کام شروع ہو چکا ہے اور مارچ میں پائلٹ پراجیکٹ شروع ہونے کی توقع ہے ،اجلاس کو سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق صوبے کے اہم محکموں میں اصلاحات کیلئے جلد سفارشات پیش کر دی جائیں گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں