وہ قومیں ناقابل شکست ہوتی ہیں جو میدان عمل میں علم کے جھنڈے کو تھام کر نکلتی ہیں‘چوہدری محمد سرور

ہمارے نوجوانوں میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ وہ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال اور قائد اعظم نے دیکھا تھا‘گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

منگل 18 دسمبر 2018 20:58

وہ قومیں ناقابل شکست ہوتی ہیں جو میدان عمل میں علم کے جھنڈے کو تھام کر نکلتی ہیں‘چوہدری محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو غربت، بے روزگاری، معاشی و معاشرتی عدم مساوات، معیشت کی زبوں حالی اور انتہا پسندی جیسے مسائل کا سامنا ہے جن کو صرف اور صرف حصول علم خصوصا سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مہارت حاصل کر کے حل کیا جاسکتا ہے،تعلیم کی اہمیت سے کسی صورت انکار نہیں کیا جاسکتا،ہائرایجوکیشن کے اداروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تحقیق، ایجادات اور جستجو پر توجہ مرکوز کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ قومیں ناقابل شکست ہوتی ہیں جو میدان عمل میں علم کے جھنڈے کو تھام کر نکلتی ہیں۔ ہمارے نوجوانوں میں اتنا ٹیلنٹ اور صلاحیت ہے کہ وہ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال اور قائد اعظم نے دیکھا تھا۔

(جاری ہے)

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے سولہویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں چیئرمین (آئی ایل ایم) ٹرسٹ /بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی ڈاکٹر احمد عمر مراد، صدر آئی ایل ایم ٹرسٹ ابراہیم حسن مراد، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر محمد اسلم، یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنر ز اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے ذمہ داران کے علاوہ طلبا طالبات اور ان کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میں ان علم دوست اداروں اور شخصیات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو حکومت کے ساتھ ساتھ ملک کے سب سے اہم شعبے تعلیم کے میدان میں نوجوان نسل کو تعلیم مہیا کر رہے ہیں بالخصوص آپ کے ادارے کے سابق چیئر مین / ریکڑ حسن صہیب مراد (مرحوم) کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات ہیں ۔

گورنرنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خاں واضح الفاظ میں اس بات کا اعلان کر چکے ہیں کہ پاکستان کی بقا تعلیم کے شعبے سے ہی منسلک ہے ۔ آپ اس سے اندازہ کر سکتے ہیں کہ ہماری حکومت تعلیم کے لئے نہ صرف مخلصانہ بلکہ ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کے تعلیمی معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے تعلیمی معیار کو بھی مزید بہتر بنا ہے ۔

اعلی فنی تعلیم کے شعبوں کے علاوہ آئی ٹی کے شعبے میں بھی مزید ترقی کرنی ہے تاکہ ہمارے نوجوان ان شعبوں میں بین الاقوامی سطح کی تعلیمی معیار سے مستفید ہو سکیں ۔گورنرنے کہا کہ یہ امر بھی خوش آئند ہے کہ ہمارے ہاں طلبا کے شانہ بشانہ طالبات بھی تعلیمی میدان میں کسی بھی لحاظ سے کم نہیں بلکہ اول پوزیشن اور گولڈ میڈل لینے بھی طالبات بہت آگے نظر آتی ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ مستحق اور غریب بچوں کو مالی وظائف دے رہی ہے اور 5سالوں میں 26ہزار سے زائد ہونہار طلبا و طالبات کو 2.5ارب روپے مالیت کے وظائف دیئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ اعلی تعلیمی اداروں میں علم حاصل کررہے ہیں دوسری طرف 22ملین بچے مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے سکولوں سے باہر ہیں جو گھروں ، ورکشاپوں اور فیکٹریوں میں کام کررہے ہیں۔

گورنر نے طلبا و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی عزت کریں کیونکہ آپ اِن کی دعاں اور محنت سے ہی آج اِس مقام پر پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یورپ کی یونیورسٹیوں میں بھی گیا ہوں مگر جو قابلیت،اہلیت اور ٹیلنٹ پاکستانی بچوں میں ہے وہ کسی اور ممالک کے بچوں میں نہیں۔ کانووکیشن میں 1327 طلبا و طالبات میں ڈگریاں ، میڈلز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے جن میں 721 بیچلرز ، 177 ماسٹرز ، 423 ایم ایس / ایم فل جبکہ 06 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں ۔

اس کے علاوہ بہترین تعلیمی کارکردگی دکھانے پر 12 پیٹرن میڈلز ، 11 ریکٹر میڈلز ، 04 ریکٹر اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈز ، 04 سرٹیفیکیٹس آف ایکسلینس ، 01 ڈاکٹر حسن صہیب مراد ایوارڈ ، 02 حرم مراد ایوارڈز ، 01 مبارک النسا میڈل ایوارڈ ، 01 ڈاکٹر محمد احمد میڈل ایوارڈ ، 02 مسز صداقت اسلم میڈل ایوارڈ ، 01 حاجی تاج الدین میڈل ایوارڈ، 01 میاں خالد سعید میڈل ایوارڈ ، 01 فاسٹ ایسلینس ایوارڈز دئیے گئے ۔

کانووکیشن میں ڈگریاں لینے والے طلبہ کی کل تعداد 820 جبکہ طالبات کی تعداد 507 رہی ۔قبل ازیں، یو ایم ٹی کے ریکٹر ڈاکٹر محمد اسلم نے یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پر نظر ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی درست سمت میں ٹیچنگ اور ریسرچ میں جدت کو متعارف کرواتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہترین تعلیمی و تدریسی کام کی وجہ سے ملک کو ایک پہچان دی ہے ۔ ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا کہ یونیورسٹی کی فیکلٹی کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے مختلف موضوعات پر ریسرچ گرانٹس کا ملنا اعزاز کی بات ہے ۔ ریکٹر نے گریجوایٹس ، ان کے والدین اور ان کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ۔سالانہ کانووکیشن سے چیئر مین آئی ایل ایم ٹرسٹ ڈاکٹر محمد احمد مراد نے بھی خطاب کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں