گنگارام ’’ماں بچہ ہسپتال‘‘ اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا جائیگا، ڈاکٹر یاسمین راشد

منگل 18 دسمبر 2018 21:04

گنگارام ’’ماں بچہ ہسپتال‘‘ اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا جائیگا، ڈاکٹر یاسمین راشد
لاہور ۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ گنگارام ہسپتال میںسٹیٹ آف دی آرٹ ’’ماں بچہ ہسپتال‘‘ میں زچہ بچہ کیلئے تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی، یہ منصوبہ اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا جائیگا، وہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں، جس میں وائس چانسلر پروفیسر عامر زمان اور کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر ابرار احمد نے ماں بچہ ہسپتال کے منصوبے پر بریفنگ دی، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے پانچ اضلاع میں بھی ’’ماں بچہ ہسپتال‘‘ قائم کئے جائیں گے، گنگارام ہسپتال میں ماں بچہ ہسپتال کی تعمیر کیلئے نیسپاک نے پریذینٹیشن تیار کر لی ہے، انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ماں بچہ ہسپتالوں کے منصوبے کو نہ صرف ملکی سطح پر سراہا جا رہا ہے بلکہ غیرملکی ڈونر ادارے بھی تعاون کی پیشکش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ گنگارام ماں بچہ ہسپتال میں 30 ، 30 بیڈز کے یونٹس بنائے جائیں گے، اس ہسپتال میں ماہر ڈاکٹروں اور سٹاف کو تعینات کیا جائیگا، سٹاف کیلئے ماں بچہ ہسپتال میں رہائش کا بھی بندوبست کیا جائیگا، پہلے سے موجود خطرناک کوارٹروں کو گرا کر نئی کثیرالمنزلہ رہائشگاہیں بنائی جائیں گی، انہوں نے منصوبے کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں، قبل ازیں وزیر صحت نے صوبائی وزیر ہائوسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں محمود الرشید سے ملاقات کی جس میں صحت عامہ کے منصوبوں اور دیگر امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ صحت عامہ کے منصوبوں کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تعاون سے ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے،اس موقع پر میاں محمود الرشید نے وزیر صحت کو ہیلتھ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحت اور تعلیم کے منصوبوں کو زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں