روایتی شلوار قمیض،کالا چشمہ اور ہاتھ میں پتنگ کی ڈور

وزیراعظم عمران خان کی پتنگ اڑانے کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 19 دسمبر 2018 14:10

روایتی شلوار قمیض،کالا چشمہ اور ہاتھ میں پتنگ کی ڈور
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2018ء) :سابق دور حکومت میں بسنت پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔بسنت کے تہوار پر پابندی کے بعد لاہوریوں کو شدید مایوسی ہوئی تھی کیونکہ یہ لاہور کے شہریوں کا پسندیدہ ترین تہوار تھا۔ ایک وقت تھا جب لاہوری فروری کا مہینہ شروع ہوتے ہی بسنت مناتے تھے۔شہر کی سڑکوں کو پتنگوں سے دلہن کی طرح سجایا جاتا تھا،اور ہر طرف سے بو کاٹا کی صدائیں ہوتی تھیں۔

تاہم پنجاب حکومت نے ایک بار پھر بسنت تہوارکی بحالی میں دلچسپی ظاہر کی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی پتنگ اڑانے کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ویڈیو میں عمران خان کو روایتی لباس شلوار قمیض میں ملبوس اور آنکھوں پر کالے چشمے سجائے پتنگ اڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ کسی بلڈنگ کی چھت پر دیکھا جا سکتا ہے۔

صارفین نے بھی عمران خان کی اس پرانی ویڈیو بھی دلچسپ قسم کے تبصرے کیے ہیں اور کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتا اگر وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر اس طرح سے پتنگ اڑاتے۔یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بسنت منانے کے لیے دلچسپی ظاہر کی تھی۔ جس کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب نے پتنگ بازی کے تہوار کو منانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ۔

بسنت منانے کا جائزہ لینے والی کمیٹی کے سربراہ وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت ہوں گے۔ بسنت کے دوران پتنگ بازی کی اجازت دینے کے امور کا جائزہ لے گی۔کمیٹی پتنگ بازی کے نقصانات سمیت دیگر امور کا جائزہ لے گی۔ بسنت تہوار کے دوران پتنگ بازی کی اجازت کا فیصلہ کمیٹی کی رپورٹ پر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق وزراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے دونوں ادوار میں پتنگ بازی پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

شہبازشریف کے دور حکومت میں بسنت منانے پر پابندی عائد کرنے کا مقصد لوگوں کی زندگیاں بچانا تھا۔ پتنگ بازی کے دوران قاتل دھاتی ڈور کا استعمال عام ہوگیا تھا جس کے باعث راہگیر موٹرسائیکل سواروں سمیت بچے بڑے کوئی بھی اس قاتل ڈور سے محفوظ نہیں رہا تھا۔ دھاتی ڈور سے متعدد لوگوں، جن میں بچے اور بڑے دونوں شامل ہیں، اپنی جانیں گنواچکے ہیں یا جبکہ متعدد افراد شدید زخمی بھی ہوئے تھے جس کے بعد پتنگ بازی اور بسنت منانے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بسنت کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا ہے اور اس حوالے سے جائزہ لینے کے لیےکمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں