پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر منیر ضیا کی درخواست ضمانت پر سماعت 15جنوری تک ملتوی

بدھ 19 دسمبر 2018 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر منیر ضیا کی درخواست ضمانت پر سماعت 15جنوری تک ملتوی کر دی ۔جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی ۔درخواست میں چیئرمین اور ڈی جی نیب اور انویسٹی گیشن آفیسر کو فریق بنایاگیاہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی نیب نے غیرقانونی طور پر وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں، نیب کی جانب سے کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں،کسی قسم کی کرپشن میں ملوث نہیں ہوں، نیب نے درخواست گزار کے حقیقی بھائی ندیم ضیا کیخلاف متعدد انکوائریز کا آغاز کر رکھا ہے، ندیم ضیا پیراگون سٹی کا چیف ایگزیکٹو ہے، اس لیے درخواست گزار کو نیب کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے، نیب کے ساتھ تحقیقات کے لئے مکمل تعاون کے لئے تیار ہوں۔

(جاری ہے)

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ قبل از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کی جائے اور عدالتی فیصلے تک گرفتاری نہ کرنے کا حکم دیاجائے ۔وکیل نے بتایا کہ منیر ضیاء کسی اور مقدمے میں قبل از گرفتاری درخواست ضمانت میں پیشی کے لیے سپریم کورٹ ہیں ۔ جس پر عدالت نے منیر ضیاء کی حاظری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی اور واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر منیر ضیا عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے تو قانون کے مطابق فیصلہ کر دیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں