لاہور جنرل ہسپتال کی طرف سے چیف جسٹس کو قومی ڈیم فنڈ کیلئے 65لاکھ روپے کا عطیہ

پی جی ایم آئی سے فارغ التحصیل بیرون ملک مقیم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی اس مہم میں اپنا حصہ ڈالیں ‘پرنسپل کی اپیل

بدھ 19 دسمبر 2018 17:18

لاہور جنرل ہسپتال کی طرف سے چیف جسٹس کو قومی ڈیم فنڈ کیلئے 65لاکھ روپے کا عطیہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے پروفیسرز ، ڈاکٹرز ،نرسز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کی طرف سے 65لاکھ روپے کی خطیر رقم کا عطیہ چیف جسٹس آف پاکستان کے ڈیم فنڈ میں جمع کرا دیا گیا ۔ ادارے کے سربراہ پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے اس سلسلے میں مجموعی طور پر 6.527ملین روپے کی رقوم کے چیک بھجوا دیے ہیں ۔

پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے ملک و قوم کا درد رکھتے ہوئے پانی جیسے اہم قومی مسئلے کی نہ صرف نشاندہی کی ہے بلکہ اُس کے عملی حل کیلئے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے ہر محب وطن شہری اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی کی حفاظت اور ذخیرہ کرنا ہمارا قومی فرض ہے جس کیلئے ان اداروں نے اپنی دو دن کی تنخواہ پیش کی ہے۔

پروفیسر محمد طیب نے اپیل کی کہ پی جی ایم آئی سے فارغ التحصیل بیرون ملک کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی اس مہم میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ وطن عزیز کو مستقبل میں پانی کے بحران سے محفوظ رکھا جا سکے ۔انہوں نے پی جی ایم آئی ، امیر الدین میڈیکل کالج اور ایل جی ایچ کے ڈاکٹرز و عملے کا شکریہ بھی ادا کیا کہ وہ قومی جذبے کے ساتھ اس مہم میں شامل ہوئے ہیں۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے بھی قومی ڈیم فنڈ مہم میں شرکت کرنے پر ڈاکٹرز اور پیر ا میڈیکل سٹاف کے جذبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی جب کبھی ملک و قوم کو ضرورت پڑی ہم اسی جوش و جذبے کا مظاہرہ کریں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں