ہمیں اپنی بنیاد سے مضبوط تعلق رکھنا چاہیے یہ بھی کامیابی کی زندہ دلیل ہے ‘چوہدری محمد سرور

سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر میں نئی یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے بھی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر زکے باہمی اشتراک سے تحقیق اور ریسرچ کے شعبے کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے‘گورنر پنجاب

بدھ 19 دسمبر 2018 19:03

ہمیں اپنی بنیاد سے مضبوط تعلق رکھنا چاہیے یہ بھی کامیابی کی زندہ دلیل ہے ‘چوہدری محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس کے پہلے کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔کانووکیشن میں مجموعی طور پر 297طلبا کو اسناد سے نوازا گیا جبکہ مختلف شعبوں میں نمایاں کاکردگی دکھانے پر 14طلبا و طالبات کو گولڈ میڈلز اور 12طلبا و طالبات کو سلور میڈلز دیئے گئے۔

گورنر پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہد مسلسل ، لگن اور محنت نہ صرف کامیاب زندگی کا نچوڑ ہے بلکہ حصول منزل کی بنیادی تکون ہے ، محنت میں کوئی عار نہیں ہونی چاہیے۔ آپ کوئی بھی کام محنت سے کریں گے تو اس کا صلہ اللہ تعالی ضرور دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ آج جس جس مقام پر یا بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہیں یہ ماں باپ کی دعاں اور اساتذہ کی محنت کی مرہون منت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات میں بڑے وثوق سے کہتا ہوں کہ ہمارے ملک کے نوجوان یورپی ممالک کے طالب علموں سے زیادہ ذہین اور تعلیمی صلاحیتوں کا مالک ہے اور آپ لوگوں کو دیکھ کر اس بات پر یقین پختہ ہو جاتا ہے کہ ملک کا مستقبل تابناک ، روشن اور محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ گورنرنے کہا کہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ محض تعلیم آپ کی شخصیت کو نکھارنے اور سنوارنے میں مدد گار نہیں ہوتی بلکہ اِس میں تربیت کا عنصر بہت اہم ہوتا ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ میں نے خود اور اپنے بچوں اور ان کے بچوں کو جو غیر ملکی شہریت کے حامل نہیں اپنے آبائی وطن اور علاقے کی تہذیب و تمدن سے ہمیشہ آشکار رکھا ہے ، ہمیں اپنی بنیاد سے مضبوط تعلق رکھنا چاہیے یہ بھی کامیابی کی زندہ دلیل ہے ۔ گورنرنے طلبا پر زور دیا کہ انہیں اپنا کام خود کرنا چاہیے اس سے ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو نہ صرف تقویت پہنچتی ہے بلکہ آگے آنے والی زندگی میں مشکل سے مشکل مراحل کو بھی باآسانی طے کیا جاسکتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت صوبے میں ہائرایجوکیشن کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر میں نئی یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے بھی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر زکے باہمی اشتراک سے تحقیق اور ریسرچ کے شعبے کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ اِس موقع پرگورنر پنجاب نے پاس آوٹ ہونے والے طلبا کو اِن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور بحریہ یونی ورسٹی لاہور کیمپس کی طلبا کو جدید تعلیم فراہم کرنے پر اس کے کردار کو سراہا۔

قبل ازیں، ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل(ر) محمد شفیق نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ادارے کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو بطور مہمان خصوصی کانووکیشن میں تشریف لانے پر بھی شکریہ ادا کیا ۔ تقریب میں سینئر نیول آفیسرز، بحریہ یونیورسٹی آفیشلز، کاروباری شخصیات ، طلبا و طالبات اور ان کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

دریں اثنا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاس لاہور میں مسیحی برادری کے وفد نے سموئیل پیارا کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور سالمیت کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ نیا آنے والا سال ہمارے لئے امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر اس کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کے لئے اپنابھر پور کردار ادا کرنا ہے۔بعد ازاں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے آج پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چوہدری کے والد (مرحوم) کے جنازے میں شرکت کی۔ اس موقع پرگورنر پنجاب نے اعجاز چوہدری سے ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت بھی کی اور مرحوم کے ایثال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں