پنجاب حکومت کا ہرضلع میں بے سہارا افراد کیلئے پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ

مرحلہ وار پروگرام کے تحت ہر ضلع میں پناہ گاہیں تعمیر کی جائیں گی، سڑکوں پر سونے والے افراد موسم کی سختیوں سے محفوظ رہینگے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا اعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 جنوری 2019 17:03

پنجاب حکومت کا ہرضلع میں بے سہارا افراد کیلئے پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 جنوری2019ء) پنجاب حکومت نے صوبے کے ہر ضلع میں سڑکوں پر سونے والے افراد کیلئے پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ہر ضلع میں پناہ گاہیں تعمیر کی جائیں گی اور ان پناہ گاہوں کی تعمیر سے بے گھر افراد کو شدید سردی میں کھلے آسمان تلے نہیں سونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر سونے والے افراد کو چھت اور کھانا فراہم کرکے ریاست اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے اور انسانیت کی فلاح و خیر خواہی کیلئے خدمات سرانجام دینا ہماری حکومت کی ترجیحات میں اولین ہے اور وزیر اعظم عمران خان ہمہ وقت معاشرے کے عام طبقے کی فلاح اور بھلائی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہتحریک انصاف عام آدمی کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

معاشرے کے پسے ہوئے افراد کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی اور ایسے افراد سے حسن سلوک اور صلہ رحمی کا درس دین اسلام بھی دیتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت صلہ رحمی کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور پناہ گاہ جیسے فلاحی منصوبے بنانا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے کے پسے ہوئے افراد کی مدد کرنا ہی صلہ رحمی ہے۔

صلہ رحمی اور حسن سلوک معاشرے میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہے اور اس سے انسانی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر لاہور اور راولپنڈی میں سڑکو ں پر سونے والے افراد کیلئے پناہ گاہوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور میں ذاتی طور پر پناہ گاہوں کے تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔

لاہور میں پناہ گاہوں کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا اور میں نے اس ضمن میں خود دورہ کرکے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں۔پناہ گاہوں کی تعمیر کا مقصد سڑکوں پر سونے والے افراد کو موسم کی سختیوں سے بچا کر چھت اور کھانا فراہم کرنا ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں تعمیر ہونے والی پناہ گاہیں سٹیٹ آف دی آرٹ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عارضی پناہ گاہوں کا انتظام کرکے سڑکوں پر سوئے افراد کو چھت کی سہولت فراہم کر دی ہے جبکہ پناہ گاہوں میں قیام کرنے والے افراد کو بروقت رات کا کھانا اورناشتہ فراہم کیا جا تا ہے ۔

عارضی پناہ گاہوں میں مفت علاج کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے جبکہ سڑکوں پر سوئے افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں لانے کیلئے ٹرانسپورٹ بھی شروع کی گئی ہے۔انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی انقلابی سوچ سے رہنمائی لیتے ہو ئے عوام کی تقدیر بدلیں گے اور معاشرے کے پسے ہوئے افراد کو ان کا حق لوٹائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں