ملک کو سنگین معاشی مسائل کا سامنا، قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں‘میاں سلیم

برآمدات کو بڑھانے کیلئے مقامی صنعتکاروں اور سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کو مراعات دینا ہونگی،پیداواری لاگت کو کم کرنا ہوگا

اتوار 13 جنوری 2019 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2019ء) انجمن تاجران لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں سلیم نے کہا ہے کہ ملک کو سنگین معاشی مسائل کا سامنا ہے قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔ موجودہ مالیاتی بحران پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ اقتصادی پالیسیوں میں بھی بہتری لائی جائے ،یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی۔

میاںسلیم نے کہاکہ اپنی برآمدات کو بڑھائے بغیر تجارتی خسارہ کم نہیں کیا جا سکتا۔ لہذا حکومت کو فوری طورپر اپنی برآمدات کو بڑھانے کیلئے مقامی صنعتکاروں اور سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کو مراعات دینا ہونگی،پیداواری لاگت کو کم کرنا ہوگا تاکہ سستی اور معیاری مصنوعات کی تیاری ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ معیشت کی بحالی اور استحکام کیلئے حکومت کو زرعی اور صنعتی شعبوں پر بھرپور توجہ دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت کو بین الاقوامی اداروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی معاشی صورتحال پر توجہ کی ہے تاہم انتہائی قلیل عرصہ میں پچھلے کئی سالوں کے درینہ مسائل کا حل ممکن نہیں تاہم آنے والا دور پاکستان اور قوم کیلئے سنہری دور ہوگا۔ کیونکہ موجودہ حکومت نے تبدیلی کی ابتداء کر دی ہے انہوں نے کہاکہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تھا تو 19 ارب ڈالر کے خسارہ پہاڑ کی طرح اسکے سامنے کھڑا تھا تاہم اس کے باوجود حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے لوٹی ہوئی دولت کو ملک واپس لانے کیلئے جدو جہد کا آغاز کیا ۔

انہوں نے کہاکہ قوم کو پی ٹی آئی کی حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ،صرف موجودہ حکومت ہی ملک کو دوبارا اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں