عمران خان کا اپنا دامن داغدار، علیمہ خان کی جائیداد کی منی ٹریل اور ہیلی کاپٹر کیس کا جواب دیں: حمزہ شہباز شریف

عمران نیازی صاحب دوبارہ کنٹینر پر چڑھیں گے اور قوم سے معافی مانگیں گے کہ میں جھوٹ بولتا تھا،لاہور میں میڈیا سے گفتگو

منگل 15 جنوری 2019 00:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2019ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا اپنا دامن داغدار ہے، وہ کس منہ سے اپوزیشن کو چور اور ڈاکو کہتے ہیں ، انہیں علیمہ خان کی جائیداد کی منی ٹریل دینا ہو گی، بڑھکیں مارنے سے ملک نہیں چلتا، قبلہ درست کریں تو اپوزیشن ملکی ترقی کیلئے ساتھ دینے کو تیار ہے۔

عمران نیازی صاحب دوبارہ کنٹینر پر چڑھیں گے اور قوم سے معافی مانگیں گے کہ میں جھوٹ بولتا تھا ،لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کا اپنا دامن داغدار ہے، وہ کس منہ سے اپوزیشن کو چور اور ڈاکو کہتے ہیں، چوروں کو پکڑنے کی وہ بات کرے جس کا اپنا دامن صاف ہو ، علیمہ خان کی جائیدادیں پہلے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں نکلیں اور اب نیوجرسی میں نکلی ہیں، عمران خان کو علیمہ خان کی جائیداد کی منی ٹریل دینا ہو گی اور آپ کو ہیلی کاپٹر کیس کا جواب بھی دینا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ایوان میں مفادات کے تنازع پر بل آ رہا ہے حالانکہ آپ کے وزیر عبدالرزاق دائود کو مہمند ڈیم میں حصہ دار ہیں جنہیں ٹھیکہ دیا گیا ہے، یہ مفادات کا تنازع نہیں تو کیا ہے۔ آپ نے 1400 ارب روپیہ سٹیٹ بینک سے قرضہ لیا ہے جبکہ آپ تو کہتے تھے کہ حکومت قرضہ لیتی ہے ، وہ دن آنے والا ہے جب نیازی صاحب دوبارہ کنٹینر پر چڑھیں گے اور قوم سے معافی مانگیں گے کہ میں جھوٹ بولتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں احتساب کا دوہرا معیار ہے جو 22 کروڑ عوام کی توہین ہے، شریف خاندان کیخلاف ایک پیسہ کرپشن ثابت نہیں کر سکے اور ہمارا دامن آج بھی صاف ہے، اس طرح پاکستان نہیں چلے گا اور عمران نیازی ہوش کریں کہ بڑھکیں مارنے سے ملک نہیں چلتا البتہ اگر یہ اپنا قبلہ درست کر لیں تو ہم ملک و قوم کی ترقی کی خاطر حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں معاملات جوں کے توں ہیں، لوکل باڈیز کو فنڈز نہیں مل رہے جبکہ حکومت کو یہ سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ معیشت کو کیسے ٹھیک کرنا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں