لاہور میں اسلام قبول کر کے پسند کی شادی کرنے والی کینیڈین خاتون قتل

مسلمان ہونے کے بعد خاتون کا نام صفیہ ناصر رکھا گیا تھا، خاتون کا 9 ماہ کا بیٹا بھی ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 جنوری 2019 12:48

لاہور میں اسلام قبول کر کے پسند کی شادی کرنے والی کینیڈین خاتون قتل
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 جنوری2019ء) لاہور کے علاقہ سمن آباد میں 40 سالہ کینیڈین خاتون کو مبینہ طورپر پھندا دے کر قتل کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کینیڈین خاتون نے چند سال قبل اسلام قبول کر کے لاہور میں سمن آباد کے رہائشی ناصر اقبال سے پسند کی شادی کی تھی۔مسلمان ہونے کے بعد خاتون کا نام صفیہ ناصر رکھا گیا تھا اور اس شادی سے صفیہ کا نو ماہ کا بیٹا بھی ہے تاہم اس کے علاوہ صفیہ ناصر کا کوئی خونی رشتے دار پاکستان میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اسے اطلاع ملی ہے کہ سمن آباد کے علاقے فرینڈز کالونی میں صفیہ ناصر خودکشی کی کوشش کر رہی ہے تاہم جب پولیس موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ صفیہ کی موت واقع ہو چکی ہے۔جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے پر پولیس کو شک گزرا کہ خاتون کو پھندہ دے کر قتل کیا گیا ہے اور خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔سمن آباد پولیس کے مطابق فرانزک لیب ٹیم کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔واقعہ کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں