تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ملک مظہر عباس راں انتقال کر گئے ،

پنجاب اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی مظہر عباس راں کو منگل کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران ہی اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا

بدھ 16 جنوری 2019 15:14

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ملک مظہر عباس راں انتقال کر گئے ،
لاہور/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ملک مظہر عباس راں انتقال کر گئے جس کے باعث پنجاب اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے آج ( جمعرات) تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ۔ پی پی 218سے تحریک انصاف کے رکن ملک مظہر عباس راں کو منگل کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران ہی اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ گزشتہ روز اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔

ملک عباس راں کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے ان کے آبائی علاقے ملتان روانہ کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملک مظہر عباس راں یکم فروری 1953کو ملتان میں پیدا ہوئے اور انہوںنے گورنمنٹ کالج ملتان سے گریجوایشن کی ، وہ طلبہ یونین کے صدر بھی رہے ،1996ء میں وزیر اعلیٰ کے مشیر رہے ،1997-99،2013-18تک رکن اسمبلی رہے اور 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیاب ہو کر پنجاب اسمبلی کے رکن بنے ۔ انہوںنے سوگوارن میں تین بچے چھوڑے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا اور تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولﷺ کے بعد اجلاس بغیر کسی کارروائی کے آج (جمعرات) صبح گیارہ بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں