صوبائی وزیر اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس ، کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیشرفت ،پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی سکیموں پر غور

اجلاس میں 10سال سے بند آٹوپارٹس سپورٹس سنٹر کوٹ لکھپت کو آپریشنل کرنے کا فیصلہ ،کلسٹر ضرور بنائیں لیکن مجھے نتائج بھی چاہئیں، ہمیں اپنی ذمہ داریوں اورمنصب کے ساتھ انصاف کرنا ہے‘میاں اسلم اقبال

بدھ 16 جنوری 2019 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی سکیموں پر غور کیاگیا۔اجلاس میں 10سال سے بند آٹوپارٹس سپورٹس سنٹر کوٹ لکھپت کو آپریشنل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا مقصد ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے اس لئے اس منصوبے کو بھرپور انداز میں آگے بڑھانا ہو گا۔ہنرمند نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے نئی سکیمیں لارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کلسٹر ضرور بنائیں لیکن مجھے نتائج بھی چاہئیں۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنی ذمہ داریوں اورمنصب کے ساتھ انصاف کرنا ہے۔

ہمیں اس ملک کی ترقی کے لئے سوچنا ہے جس نے ہمیں سب کچھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کا درد رکھ کر قومی جذبے کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔مینوفیکچررز اور صنعت کاروں کو سہولتیں دینا ہے اورسرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ملکی کی تعمیروترقی میں خواتین کا کلیدی کردار ہے اسی لئے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی سکیموں میں خواتین کو خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا پرفارمنس آڈٹ بھی لازمی ہو گا۔چھوٹی صنعتوں کو پروان چڑھانے کے حوالے سے اس پراجیکٹ کو بھرپورانداز سے آگے بڑھایا جائے۔ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کے علاوہ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں