فرسودہ نظام سے عوام کو کچھ نہیں ملا ،عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے پرانا نظام بدلنا ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

بدھ 16 جنوری 2019 23:49

فرسودہ نظام سے عوام کو کچھ نہیں ملا ،عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے پرانا نظام بدلنا ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار
لاہور۔16 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے ، تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور سسٹم کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کو بہتر بنائے گی اور ایسی اصلاحات لا رہے ہیں جن کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے روزگار کے مواقع اور گھروں کی فراہمی تحریک انصاف کے ایجنڈے میں شامل ہے ، چھت سے محروم افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے مناسب جگہوں کا انتخاب جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں گے، عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہی حقیقی انقلاب ہے ، صحت، تعلیم، زراعت اور سماجی شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے بہتری لائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور دور درازعلاقوں کے عوام کی حالت بدلنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اب ترقی ماضی کی طرح صرف چند بڑے شہروں تک محدود نہیںبلکہ اس کا دائرہ کار چھوٹے شہروں تک بڑھایا جا رہا ہے، سماجی و معاشی انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام سے تبدیلی کا خواب پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چند عاقبت نا اندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں، فرسودہ اور بوسیدہ نظام سے عوام کو کچھ نہیں ملا اور ان کے مسائل حل نہیں ہوئے،عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے پرانا نظام بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں گورننس کو بہتر بنا کر عام آدمی کی توقعات کو پورا کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں