نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں خاندان کے افراد ، رہنمائوں اور کارکنوں کی ملاقاتیں

نواز شریف اور اہل خانہ نے اکٹھے دوپہر کا کھانا کھایا،والدہ اور دیگر نے صحت بارے دریافت کیا،درازی عمر او رمشکلات کے حل کیلئے دعائیں ملاقاتوں میں مجموعی سیاسی صورتحال ،قانونی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال ، رہنمائوں نے نواز شریف سے رہنمائی بھی لی وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، محمد زبیر،اقبال ظفر جھگڑا، امیر مقام، تہمینہ دولتانہ، پرویز ملک، سلیم ضیاء سمیت دیگر ملاقات کرنے والوں میں شامل مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نواز شریف اور شریف خاندان سے اظہا ریکجہتی کیلئے صبح سے دوپہر تک جیل کے باہر جمع رہے کارکن حمزہ شہبازاور مریم نواز کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے نعرے لگاتے رہے ، بد نظمی بھی دیکھنے میں آئے

جمعرات 17 جنوری 2019 18:09

نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں خاندان کے افراد ، رہنمائوں اور کارکنوں کی ملاقاتیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) شریف خاندان کے افراد ،رشتہ داروں ،دوست احباب ،پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں نے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کیں، اہل خانہ نواز شریف کی پسند کا کھانا ہمراہ لائے ، حمزہ شہباز ، مریم نواز سمیت پارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے نواز شریف سے ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال ،قانونی معاملات اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور رہنمائی حاصل کی ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ان کی والدہ بیگم شمیم اختر، صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر، بھتیجوں حمزہ شہباز، یوسف عباس شریف، عزیز عباس شریف سمیت قریبی رشتہ داروں ،دوست احباب، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، سابق گورنر سندھ محمد زبیر،اقبال ظفر جھگڑا، امیر مقام، تہمینہ دولتانہ، پرویز ملک، سلیم ضیاء، انجم عقیل ، طارق فضل چوہدری ، میاں مرغوب ،خواجہ عمران نذیرسمیت اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور کارکنوں نے ملاقات کی اوران سے ان کی صحت بارے دریافت کیا ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی والدہ اپنے بیٹے کی درازی عمر اور مشکلات کے حل کیلئے دعائیں دیتی رہیں ۔اہل خانہ نواز شریف کی پسند کا کھانا ہمراہ لائے جو سب نے اکٹھے کھایا ۔نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں ملک کی موجودہ اور مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی جبکہ رہنمائوںنے پارٹی قائد سے بعض امور میں رہنمائی بھی لی ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مہنگائی او رخصوصاً معیشت کی صورتحال پر اپنی تشویش ظاہر کی اور اس حوالے سے رہنمائوں سے تبادلہ خیال کیا ۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات کے دوران بھی سیاسی اور پارٹی امور کے علاوہ کیسز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔علاوہ ازیں مرد و خواتین کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی نواز شریف اور شریف خاندان سے اظہار یکجہتی کیلئے صبح سویرے کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے جو خاندان کے افراد کی روانگی تک جیل کے باہر موجود رہے ۔ مریم نواز اور حمزہ کی آمد پر کارکنوںنے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور حق میں نعرے لگائے ۔ حمزہ شہباز او رمریم نواز کی آمد کے موقع پر کارکنوں نے دھکم پیل جس سے بد نظمی دیکھنے میں آئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں