حکومتی پالیسیوں سے ملک کا ہر شہری پریشان ہے، احتسابی عمل سے سیاسی انتقام کی بو آ رہی ہے‘پرویز ملک

حکمران جماعت خطرناک معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کیلئے مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے‘ خواجہ عمران نذیر کی گفتگو

جمعرات 17 جنوری 2019 21:31

حکومتی پالیسیوں سے ملک کا ہر شہری پریشان ہے، احتسابی عمل سے سیاسی انتقام کی بو آ رہی ہے‘پرویز ملک
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عمران خان مسٹر کلین نہیں ہیں، حکومت کی پالیسیوں سے ملک کا ہر شہری پریشان ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں احتساب کی حامی ہے مگر یہ بلاتفریق ہونا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ جن کے خلاف ریفرنس ہیں وہ کابینہ میں شامل ہیں، انتقامی کارروائیوں سے سیاسی قیادت اور سیاسی پارٹیاں ہرگز کمزور نہیں ہوں گی بلکہ سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے حکومتی عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں،پاکستان مسلم لیگ ن کی یہ خواہش ہے کہ حکومت اپنی معیاد پوری کرے اس سے پارلیمانی نظام مضبوط ہوگا مگر چوری کے مینڈیٹ سے بننے والے وزیراعظم نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ مضبوط ہو اور ہر فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاڈلے کو قوم پر مسلط تو کیا گیا ملکی معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں، انتقامی کارروائیوں سے سیاسی قیادت اورپارٹیاں ہرگز کمزور نہیں ہوں گی، اس طرح پارٹیاں عوام میں پذیرائی اور مقبولیت حاصل کرتی ہیں، ملک خطرناک معاشی بحران کا شکار ہو رہا ہے، حکومت توجہ ہٹانے کے لئے سیاسی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نیب کی رفتار کم اس لئے لگ رہی ہے کیونکہ ان کے دل میں حسد اور سیاسی انتقام کی آگ سلگ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں خیبر پی کے احتساب کمشن کے 6ارب کدھر گئی عمران خان کی کابینہ دوستوں اور حواریوں پر مشتمل ہے، تاریخ میں کرپٹ ترین کابینہ ثابت ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں