کیا لاہور ائیرپورٹ پر واقعی شراب فروخت ہونے والی ہے؟

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے وضاحت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 جنوری 2019 13:59

کیا لاہور ائیرپورٹ پر واقعی شراب فروخت ہونے والی ہے؟
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری 2019ء) : گذشتہ روز سے لاہور ائیر پورٹ پر شراب اور بئیر فروخت ہونے کی خبریں گردش کررہی تھیں جس پر اب ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کا رد عمل آگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نےکہا کہ کچھ نجی ٹی وی چینلز نے یہ خبر نشر کی کہ لاہور ائیر پورٹ اب شراب اور بئیر دستیاب ہو گی اور یہ کہاگیا کہ پنجاب حکومت نے اس کی اجازت بھی دے دی ہے حالانکہ یہ خبر غلط اور بے بنیاد ہے۔

ٹی وی رپورٹس میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا لیکن حقیقت کچھ اور ہی ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ سچ یہ ہے کہ لاہور ائیرپورٹ کی سائیڈ پر ایک فور اسٹار یا فائیو اسٹار ہوٹل زیر تعمیر ہے جو غالباً مارچ تک مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

جتنے بھی فور اسٹار اور فائیو اسٹار ہوٹلز ہیں، جس طرح کی اجازت ان کے پاس ہے اسی طرح کی اجازت اس ہوٹل کے پاس بھی ہو گی۔

اس ہوٹل کو بھی وہی اجازت دی گئی ہے جو اس سے پہلے فور اسٹار یا فائیو اسٹار ہوٹلز کے پاس موجود ہے۔ یہ خبر در اصل اُس زیر تعمیر ہوٹل کی تھی جسے ائیرپورٹ کی خبر بنا کر چلایا گیا۔ در حقیقت یہ ہوٹل ائیر پورٹ کے اوپر نہیں ہے بلکہ ائیرپورٹ کے پاس ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ ائیرپورٹ ہمیشہ ایوی ایشن کے زیر انتظام آتا ہے پنجاب حکومت کے نہیں۔ حکومت پنجاب وہاں کچھ نہیں کر سکتی۔

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کا وضاحتی ویڈیو پیغام آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نجی کمپنی کو لاہور ائیرپورٹ پر شراب اور بئیر مہیا کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ جبکہ پولیس ،محکمہ ایکسائز اور ضلعی انتظامیہ نے این او سی جاری کردیا ہے تاہم اب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے ان تمام تر خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں