پنجاب اسمبلی ،لاہورکا زیر زمین پانی کا لیول 290فٹ تک پہنچ چکا ، اپوزیشن / 135فٹ تک ہے‘ حکومت کا جواب

پنجاب پبلک سروس کمیشن میں سفارشی کلچر کا خاتمہ کردیا ، وزیر قانون نے رپورٹ ایوان میں پیش کر دی میرے نام کی لگی ہوئی تختیاں اتار دیں لیکن منصوبے مکمل کریں ‘ اپوزیشن رکن شیخ علائو الدین کا حکومت سے مطالبہ

جمعہ 18 جنوری 2019 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) پنجاب اسمبلی کے ایوان میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کا زیر زمین پانی کا لیول 135فٹ تک ہے جبکہ صوبے کے باقی علاقوں میں پانی کا لیول مختلف ہے جبکہ حکومت کی جانب سے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی رپورٹ ایوان میں پیش کردی گئی ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس چیئر مین میاں شفیع محمد کی زیر صدارت ایک گھنٹہ 10منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔

اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ ریونیو کالونیز،آبپاشی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق سوالوں کے جوابات دئیے گئے ۔مسلم لیگ (ن) کے رکن شیخ علائو الدین نے کہا کہ لاہور جیسے شہر میں پانی لیول انتہائی خطر ناک حد تک نیچے جا چکا ہے ،اس وقت لاہور کا زیر زمین پانی کا لیول 290فٹ تک پہنچ چکا ہے جو الارمنگ صورتحال ہے،اگر سابقہ حکومت نے اس پر کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا تو اب موجودہ حکومت ہی اپنی ذمہ داری پوری کرلے ۔

(جاری ہے)

محکمے کی جانب سے جو جواب دیا گیا ہے وہ غلط ہے۔صوبائی وزیر محسن لغاری نے بتایا کہ لاہور میں زیر زمین پانی کا لیول 135فٹ تک ہے جبکہ صوبے کے باقی علاقوں میں پانی کا لیول مختلف ہے جبکہ بعض علاقوں میں لیول معمول کمی بیشی سے برقرار ہے۔ عظمی زاہد بخاری کے ضمنی سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا امسال مون سون کے موسم میں معمول سے کم بارشیں ہوئی ہیںجس کی وجہ سے زمینداروں کی فصلوں کا بھی نقصان بہت کم ہوا ۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن سمیع اللہ خان نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا حکومتی وزرا ء چیئر سے مخاطب ہونے کی بجائے اپوزیشن کو مخاطب کرکے بات کرتے ہیں یہ طریق کار درست نہیں ہے،وزرا ء ہائوس کے تقدس کا خیال کریں اگر میڈیا میں ایوان کے مچھلی منڈی بننے کی خبریں آتی ہیں تو پھر درست ہی لکھا جاتا ہے۔اس کے جواب میں صوبائی وزیر پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کوئی وزیر چیئر کی اجازت کے بغیر بات نہیں کرتا ،سمیع اللہ خان پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں ،تمام وزرا ء چیئر سے ہی مخاطب ہوتے ہیں ۔

لیگی رکن شیخ علائو الدین نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا چونیاں جمبر روڈ سابقہ دور حکومت میں بننا شروع ہوا لیکن موجودہ حکومت نے آتے ہی اس پرکام روک دیا ،چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ کا کام بھی رک چکا ہے،اگر کہتے ہیں تو میں اپنے نام کی تختیاں خود اتار دیتا ہوں لیکن وہ روڈ مکمل کرا دیں۔صوبائی وزیر وزیر قانون راجہ بشارت نے پبلک سروس کمیشن پنجاب کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا پنجاب پبلک سروس میں سفارشی کلچر کا خاتمہ کردیا ہے اورمیرٹ کی بنیاد پر تعیناتی کی جا رہی ہے،انفارمیشن اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ایجنڈا مکمل ہونے پر چیئر مین میاں شفیع نے اجلاس پیر کی دوپہر تین بجے تک ملتوی کردیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں