ساہیوال میں سی ٹی ڈی پولیس کے ہاتھوں بے گناہوں کے قتل پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا‘ذکر اللہ مجاہد

حکومت بے گناہ افراد کے قاتلوں کی پست پناہی کی بجائے قتل میں ملوث تمام افراد کو عبرت کا نشان بنائے قاتلوں کی گرفتار ی اور مظلوم خاندان کو انصاف کی فراہمی تک جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے‘میڈیا سے گفتگو

اتوار 20 جنوری 2019 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہے جس کی جماعت اسلامی سمیت پوری قوم بھر پور مذمت کرتی ہے ۔ سانحہ میں سی ٹی ڈی پولیس کے ہاتھوں بے گناہوں کے قتل پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا ۔ حکومت بے گناہ افراد کے قاتلوں کی پست پناہی کی بجائے قتل میں ملوث تمام افراد کو عبرت کا نشان بنائے ۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ساہیوال میں سی ٹی ڈی پولیس گردی میں قتل ہونے والے افراد کے لواحقین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صدر جے آئی یوتھ وسطی پنجاب شاہد نوید ملک ، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف ، سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور قدیر شکیل سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہاکہ سانحہ سے پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ہر دل غم زدہ ہے مگر بے حسی کی بدترین مثال ہے کہ ہمارے حکومتی وزراء قتل ہونے والوں کو دہشتگردوں کے لقب سے نواز رہے ہیں جبکہ عینی شاہدین اور حقائق کے مطابق موقع واردات پر کسی قسم کے دہشتگرد ی میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے اور اطلاعات کے مطابق پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے جو کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے ۔

یہ بات پولیس کے ریکارڈ پر بھی موجود ہے کہ گولیاں مارنے والے سفاک قاتل کون ہیں ان کو نامزد کیا جائے۔ ذکر اللہ مجاہد نے حکومت پاکستان ، وزیر اعلی پنجاب اور سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی ادارے کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور سانحہ ساہیوال کی جوڈیشنل انکوئری کروائی جائے ، فی الفور قتل میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور ذمہ دار افراد کو عبرت کا نشانہ بنایا جائے تاکہ اس طرح کی مذموم اور بربریت دوبارہ کسی مظلوم کے ساتھ نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ قاتلوں کی گرفتار ی اور مظلوم خاندان کو انصاف کی فراہمی تک جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے اگر قاتلوں کو فی الفور گرفتار نہیں کیا گیا تو شہرکو بند کردیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں