سانحہ ساہیوال ، میں نے ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو ایک اہلکار نے میرے ہاتھ پر بوٹ رکھ کر اُسے مسل ڈالا

زخمی عمیر کے چاچو نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بھتیجے سے ہوئی گفتگو بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 جنوری 2019 12:04

سانحہ ساہیوال ، میں نے ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو ایک اہلکار نے میرے ہاتھ پر بوٹ رکھ کر اُسے مسل ڈالا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2019ء) : سانحہ ساہیوال میں ہونے والی ہلاکتیں اور ہلاک ہونے والوں کے زندہ بچ جانے والے بچوں نے پوری قوم کو ہلا کر رکھا دیا ہے۔ خلیل اور ذیشان کے اہل خانہ مسلسل اپنے پیاروں کے لیے انصاف کی اپیل کر رہے ہیں۔ بچوں کے سامنے ان کے والدین کو بے رحمانہ طریقے سے قتل کرنے کے اس اندوہناک واقعہ نے کئی سوالات کھڑے کر دئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سانحہ ساہیوال کے مقتول خلیل کے بھائی نے بتایا کہ سانحہ میں میرا جو بھتیجا عمیر زخمی ہوا اُس نے مجھے اہلکاروں کی سفاکیت کا بتاتے ہوئے کہا کہ چاچو میں نے ان کی ویڈیو اپنے موبائل میں ریکارڈ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن میرے ہاتھ میں موبائل فون دیکھتے ہی ایک پولیس والے نے میرے ہاتھ پر بوٹ رکھا اور میرا ہاتھ مسلتے ہوئے موبائل فون چھین کر اسے بند کیا اور اپنی جیب میں ڈال لیا۔

(جاری ہے)

عمیر نے بتایا کہ انہوں نے ذیشان کا موبائل فون بھی بند کر کے اپنی جیب میں رکھ لیا تھا۔ مقتول خلیل کے بھائی نے پولیس کے سلوک پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہاکہ کیا ان کے چھوٹے چھوٹے بچے نہیں ہیں؟ ایسے تو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا جیسے انہوں نے کیا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ رحمان ملک نے پنجاب حکومت سے ساہیوال واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

رحمان ملک نے کہا کہ پیمرا قائمہ کمیٹی کومختلف ٹی وی چینلزپرچلنے والی فوٹیجزفراہم کرے۔ واقعے کے مقتولین اورخاندان کا مکمل پروفائل کمیٹی کوجمع کروایا جائے۔ انہوں نےسوال اُٹھایا تھا کہ کیا مقتولین اورخاندان کے خلاف کبھی کوئی ایف آئی آر درج ہوئی تھی یا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ مقتولین کی گاڑی روک دی گئی تھی تو فائرنگ کیوں کی گئی؟ کیا مقتولین کے خلاف انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کوئی رپورٹ تھی؟ کیا پولیس مقابلہ قانون کے مطابق کسی سینئرافسرکی زیرنگرانی ہوا؟ رحمان ملک نے مزید سوال کیا کہ کیا 13 سالہ لڑکی ایک ٹھوس عینی شاہد کو ختم کرنے کے لیے قتل کیا گیا؟ واضح رہے کہ سانحہ ساہیوال پر تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی آج شام 5 بجے اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں سانحہ کے ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں