جےآئی ٹی کےسربراہ ایڈیشنل آئی جی اعجازشاہ ذیشان اور خلیل کے گھر پہنچ گئے

جے آئی ٹی معاملےکوباریک بینی سےدیکھ رہی ہے،ایڈیشنل آئی جی اعجازشاہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 22 جنوری 2019 22:58

جےآئی ٹی کےسربراہ ایڈیشنل آئی جی اعجازشاہ ذیشان اور خلیل کے گھر پہنچ گئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2019ء) جےآئی ٹی کےسربراہ ایڈیشنل آئی جی اعجازشاہ ،ذیشان اور خلیل کے گھر پہنچ گئے۔ایڈیشنل آئی جی اعجازشاہ نے لواحقین کو یقین دلایا کہ کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی نہیں ہونے دیں گے اور تحقیقات کو شفاف انداز میں لے کرچلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی ابتدائی رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے۔وزیرقانون پنجاب راجا بشارت کا کہنا ہے کہ ساہیوال آپریشن 100فیصد ٹھیک انفارمیشن بیسڈ تھا، بے گناہوں کے قتل میں ملوث 5 افسران کو انسداددہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا،جبکہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کیخلاف بھی دہشتگردی دفعات کے تحت سخت کاروائی کی جائے گی۔

انہوں نے آج وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کی رپورٹ کے جائزے کیلئے منعقد اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے جے آئی ٹی تشکیل دی۔

(جاری ہے)

جے آئی ٹی نے 72 گھنٹوں میں اپنی تحقیقات مکمل کیں۔پہلے کبھی بھی صوبے کی تاریخ میں 72 گھنٹے کاروائی نہیں کی گئی۔ہم پرعزم ہیں کہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خلیل کے خاندان کے قتل کا ذمہ دار سی ٹی ڈی افسران کو ٹھہرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذیشان اور اس کے زیراستعمال گاڑی سے متعلق کل میڈیا کومکمل بریفنگ دی جائے گی۔اسی طرح ذیشان سے متعلق مزید حقائق کو سامنے لانے کیلئے جے آئی ٹی سربراہ نے مہلت مانگی ہے۔انہوں نے کہا کہ میری درخواست ہے معلومات اکٹھی کی جائیں اور گاڑی کا پتا کیا جائے کہ وہ دہشتگردوں کے استعمال میں تھی یا نہیں؟ وزیرقانون پنجاب نے بتایا کہ واقعے میں ملوث ایس ایس پی ، ڈی ایس پی اور ملوث افسران کیخلاف کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔اسی طرح ڈی آئی جی ساہیوال کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اورایس ایس پی سی ٹی ڈی کو معطل کردیا گیا ہے۔ جبکہ ذمہ دران 5افسران کوچلان کرکے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔دوسری جانب ابتدائی رپورٹ آنے کے بعد جےآئی ٹی کےسربراہ ایڈیشنل آئی جی اعجازشاہ ذیشان اور خلیل کے گھر پہنچ گئے۔اعجازشاہ نےمقتول ذیشان کی والدہ اوربھائی سےبھی ملاقات کی اور انہیں اعتماد میں لیا۔اس موقع پر اعجاز شاہ خلیل کے گھر بھی گئے اور انکو شفاف تحقیقات کا یقین دلایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں