ملکی تاریخ کے سب سے بڑے فیک اکاونٹس کیس کی تحقیقات کا آغازکر دیا،

نیب کا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے نہیں،نیب آئین و قانون کے مطابق فرائض سرانجام دے رہا ہے، چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی لاہور بیورو کے دورہ کے موقع پر گفتگو

بدھ 23 جنوری 2019 18:51

ملکی تاریخ کے سب سے بڑے فیک اکاونٹس کیس کی تحقیقات کا آغازکر دیا،
لاہور۔23 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے گذشتہ روز نیب لاہور بیورو کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب کو میگا کرپشن مقدمات میں ابتک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب نے تفتیشی افسران و پراسیکیوٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب آئین اور قانون کے مطابق فرائض سرانجام دے رہا ہے، نیب تفتیشی افسران بدعنوان عناصر کیخلاف قانون کے مطابق اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے فیک اکاونٹس کیس کی تحقیقات کا قانون کے مطابق آغاز کر دیا ہے، فیک اکائونٹس کیس کی نیب کو منتقلی معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے نیب پر اعتماد کی عکاسی کرتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے نہیں نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ نیب کا مقصد بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی قومی دولت کی برآمدگی اور اسے قومی خزانے میں جمع کروانا جبکہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب ہر شخص کی عزت نفس کا خیال رکھنے پر یقین رکھتا ہے اور نیب حوالات میں ملزمان کو جیل مینول سے زائد سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ نیب کسی قسم کے تشدد پر یقین نہیں رکھتا اور وائٹ کالر کرائمز میں تحقیقات قانون کے مطابق ٹھوس شواہد پر مبنی ہوتی ہیں جن کیلئے نیب کے تفتیشی افسران کو باقاعدہ کورسز کروائے جاتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ جہاں قانون کے مطابق کیس بنتا ہوگا وہاں کسی خوف اور دبائو کی پرواہ کئے بغیر میرٹ پر کیس بنائینگے اور جہاں کیس نہیں بنتا اسے قانون کے مطابق بند کر دینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے ہر ریجن میں علیحدہ طور پر شکایت سیل قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر شکایت کنندگان کی شکایات 2سے 3 بجے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ ڈائریکٹر اور انکا سٹاف سنے گا۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی سر براہی میں نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں