ساہیوال کے پر درد واقعے نے ننھی زینب کے والد کو بھی غمزدہ کر دیا

ننھی زینب کے والد امین انصاری مقتول خلیل کے یتیم بچوں کے ساتھ وقت گزارنے ان کے گھر پہنچ گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 23 جنوری 2019 23:48

ساہیوال کے پر درد واقعے نے ننھی زینب کے والد کو بھی غمزدہ کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 جنوری2019ء) قصور کی ننھی زینب کے والد امین انصاری مقتول خلیل کے یتیم بچوں کے ساتھ وقت گزارنے ان کے گھر پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل سی ٹی ڈی کے ہاتھوں 4 افراد کا قتل اس وقت پاکستانی میڈیا کا ہاٹ موضوع بن چکا ہے۔یہ ایک ایسا سانحہ یا واقعہ ہے جسے حکومت گزشتہ پنجاب حکومت اور اس کی پولیس کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے تو اپوزیشن اسے حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے طرز حکومت پر سوال اٹھا رہی ہے۔

اور تو اور ہمارا میڈیا بھی اس واقعے پر جہاں مثبت اور جاندار رپورٹنگ کر رہا ہے وہیں اس واقعے کو کیش کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔تاہم اس سارے معاملے میں جس چیز نے سب کے دلوں کو دہلا دیا ہے وہ بچوں کے سامنے انکے والدین کا قتل ہے۔

(جاری ہے)

اس چیز کی مذمت ایک عام انسان سے لے کر خواص تک سب ہی کر رہے ہیں ۔سب نے اس واقعے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے واقعے میں ملوث اہلکاروں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اس موقع پر بچوں کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔پنجاب حکومت نے ان بچوں کی دلجوئی کے لیے انکی کفالت کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ناروے میں مقیم کچھ پاکستانیوں نے بھی ان بچوں کی کفالت کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں ان مظلوم بچوں کی دلجوئی کرنے میں مشغول ہے تاہم ان بچوں کی تنہائی اور مظلومیت نے کچھ عرصے قبل زیادتی کا شکار ہو کر قتل ہونے والی زینب کے والد امین انصاری کو بھی ہلا کر کر رکھ دیا۔

وہ کہتے ہیں کہ مظلوم کو مظلوم کے درد کا احساس ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ امین انصاری اپنے گھر میں نہ رہ سکے اور خلیل کے بچوں کے ساتھ وقت گزارنے ان کے گھر پہنچ گئے۔
اس موقع پر انہوں نے بچوں سے ملاقات کی ۔
انہوں نے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں