احتساب عدالت نے شہبازشریف کیخلاف رمضان شوگر ملز کیس میں ریفرنس سے متعلق رپورٹ طلب کرلی

ریفرنس چیئرمین نیب کو منظوری کیلئے بھجوا دیا ، توقع ہے آئندہ سماعت تک عدالت میں دائر کر دیا جائے گا‘نیب پراسیکیوٹر

جمعرات 24 جنوری 2019 13:58

احتساب عدالت نے شہبازشریف کیخلاف رمضان شوگر ملز کیس میں ریفرنس سے متعلق رپورٹ طلب کرلی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کیخلاف رمضان شوگر ملز کیس میں ریفرنس سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ۔احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیویٹر وارث علی جنجوعہ اور شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق شہباز شریف پر رمضان شوگر ملز کے لئے سرکاری خزانے سے نالہ اور پل بنانے کا الزام ہے جب کہ ملزم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ رمضان شوگر ملز میں عوامی خزانے کے استعمال کے معاملے پر دائر کیا جانے والا ریفرنس چیئرمین نیب کو منظوری کے لئے بھجوا دیا ہے، توقع ہے کہ آئندہ سماعت تک شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر مل کیس میں ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوئے ۔اس موقع کر کوٹ لکھپت جیل حکام کی جانب سے شہباز شریف کے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کئے گئے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈرز بھی عدالت میں پیش کئے۔عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس سے متعلق 15روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس پر سماعت سات فروری تک ملتوی کردی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں