لاہور ہائیکورٹ نے بسنت نہ منانے کے حوالے سے دائر تمام درخواستیں نمٹا دیں

جمعرات 24 جنوری 2019 16:19

لاہور ہائیکورٹ نے بسنت نہ منانے کے حوالے سے دائر تمام درخواستیں نمٹا دیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل الرحمان نے بسنت نہ منانے کے حوالے سے دائر تمام درخواستیں حکومتی یقین دہانی کے بعد نمٹا دیں۔ پنجاب حکومت کے وکیل شعیب ظفر نے عدالت میں حکومت پنجاب کا تحریری جواب جمع کرادیا۔

(جاری ہے)

صفدر شاہین پیرزادہ سمیت دیگر وکلاء کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئیں تھیں جن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بسنت خونی کھیل کی شکل اختیار کر گیا تھا جس کی وجہ سے پابندی لگائی گئی تھی، کوئی بھی ایسی تفریح جو انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنے،اس کی اجازت دینا خلاف آئین ہے۔

کیس کی سماعت کے موقع پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت کا رواں برس صوبے میں بسنت منانے کے حوالے سے کوئی ارادہ نہیں۔ حکومت پتنگ بازی کے معاملے پر تمام سٹیک ہولڈر زسے مشاورت کے بعد کوئی اقدام اٹھائے گی۔ عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے بعد ہی بسنت منانے کا فیصلہ ہوگا۔ سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بسنت کے حوالے سے مفروضوں کی بنیاد پر دائر درخواست خارج کی جائے۔عدالت نے بسنت نہ منانے کی حکومتی یقین دہانی کے بعد دائر تمام درخواستیں نمٹا دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں