نواز شریف کے میڈیکل بورڈ میں بہترین ڈاکٹرز شامل کئے گئے ہیں‘ ترجمان پنجاب حکومت

میری نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی اگر وہ یہاں مطمئن نہیں تو ہمیں بتائیںکہ وہ کہاں علاج کروا کر مطمئن ہونگے‘ شہباز گل

ہفتہ 16 فروری 2019 21:33

نواز شریف کے میڈیکل بورڈ میں بہترین ڈاکٹرز شامل کئے گئے ہیں‘ ترجمان پنجاب حکومت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) پنجاب حکومت کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کے میڈیکل بورڈ میں بہترین ڈاکٹرز شامل کئے گئے ہیں،میری نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی اگر وہ یہاں مطمئن نہیں تو ہمیں بتائیںکہ وہ کہاں علاج کروا کر مطمئن ہوں گے،شہباز شریف پنجاب کو 98ارب کے خسارے میں چھوڑ کر گئے،محکمہ صحت کو شہباز شریف نے تباہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی آنکھوں سے سب خود دیکھنے آیا ہوں،کہا گیا کہ نواز شریف کے بورڈ کا سربراہ گائنی کے شعبے سے لگایا گیا ہے،پروفیسر ڈاکٹر عارف تجمل علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل ہیں اس لئے انہیں سربراہ بنایا گیا ، میڈیکل بورڈ میں بہترین ڈاکٹرز شامل ہیں ۔نواز شریف کے ذاتی معالج کارڈیالوجسٹ نہیں ہیں لیکن کیس پر کمنٹری ایسے کرتے ہیں جیسے کارڈیالوجسٹ ہوں۔

(جاری ہے)

سروسز اور جناح ایسے ہسپتال ہیں جہاں پر علاج معالجے کی تمام سہولیات موجود ہیں۔انہوںنے کہا کہ یہ ہسپتال شہباز شریف نے بنایا تو یہی ہسپتال موجود ہے،نواز شریف جس جگہ رہ رہے ہیں وہ انہوں نے خود پسند کی۔انہوںنے کہا کہ سعد رفیق کہتے ہیں جیل اچھی نہیں ہے ، ان کو جرمنی کی جیل میں تو رکھ نہیں سکتے ۔۔آج ملک کے قرضے 30ہزار ارب تک پہنچ گئے،شہباز شریف پنجاب کو 98ارب کے خسارے میں چھوڑ کر گئے،پنجاب کے محکمہ صحت کو شہباز شریف نے تباہ کیا۔

میری نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی ،اگر وہ یہاں مطمئن نہیں ہیں تو ہمیں بتائیںکہ وہ کہاں علاج کروا کر مطمئن ہوں گے،اگر نواز شریف پاکستان میں علاج نہیں کرانا چاہتے تو حکومت بھی باہر جاکر کرتے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں کہ نہ ڈھیل ہوگی نہ ڈیل ہوگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں