لاہور میں پی ایس ایل کے میچز ، بُکی متحرک ہو گئے

دبئی میں جاری پی ایس ایل میچوں پر لاہور کے چھوٹے بڑے بکیز کے جوا بک کرنے کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 فروری 2019 10:51

لاہور میں پی ایس ایل کے میچز ، بُکی متحرک ہو گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) : پاکستان سپر لیگ کا آغاز 14 فروری سے ہوا جس کے بعد سے ہی کرکٹ شائقین کی نظریں پی ایس ایل میچز پر ٹک گئیں۔ پاکستان سپر لیگ کے میچز فی الوقت دبئی میں ہو رہے ہیں ، لاہور میں بھی پاکستان سپر لیگ کے تین میچز ہوں گے جس کے لیے بُکیز متحرک ہو گئے ہیں، اور شہر بھرمیں موجود تمام چھوٹے بڑے بُکیز نے جُوا بُک کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بُکیز نے لاہور پولیس کی جانب سے سٹے بازوں کے خلاف ممکنہ کریک ڈاؤن کے پیش نظر معروف ہوٹلوں اور پرائیویٹ اسپتالوں میں کمروں کی بُکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جہاں وہ بے خطر و خوف اپنا دھندہ جاری رکھ سکیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ دبئی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے میچز پر لاہور کے چھوٹے بڑے بُکی جُوا بُک کر رہے ہیں اور پولیس کی طرف سے ان کی گرفتاری کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات دکھائی نہیں دیتے ۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ کرکٹ میچز پر جُوا بُک کرنے والے بُکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ان کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔دوسری جانب لاہور میں موجود قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے تین میچز کی سکیورٹی کے لئے پولیس نے جامع پلان تشکیل دے دیا ہے۔ لاہور میں پی ایس ایل کے میچز کے دوران سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے لاہور پولیس کے علاوہ دیگر اضلاع کی پولیس بھی طلب کی جائے گی جبکہ حساس اداروں کے اہلکار، رینجرز، پاک فوج، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ کے جوان بھی سکیورٹی پر مامور کیے جائیں گے۔

قذافی سٹیڈیم میں 9 مارچ کو لاہورقلندر اور اسلام آباد ، 10مارچ کولاہور قلندر اور ملتان سلطان جبکہ تیسرا میچ 12 مارچ کو جیتنے والی دو ٹیموں کے مابین ہوگا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہوٹل سے سخت سکیورٹی حصار میں قذافی سٹیڈیم لایا جائے گا اور اس حوالے سے دو مختلف روٹس لگائے جائیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں