سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان متنازعہ بنانے کی کوشش ناکام

سعودی ولی عہد کا دورہ متنازعہ بنانے کی کوشش میں دو سیاسی جماعتوں ،3 مذہبی جماعتوں اور13 این جی اوز کے ملوث ہونے کا انکشاف ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 فروری 2019 10:34

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان متنازعہ بنانے کی کوشش ناکام
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے گذشتہ روز واپس روانہ ہوئے۔ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان کئی لوگوں کی آنکھوں میں چبھا ضرور لیکن اس دورے کو متنازعہ بنانے کی سازشیں ناکام ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران سوشل میڈیا پر متنازعہ بیانات اور نفرت انگیز مہم چلانے اور مختلف تنظیموں کے ذریعے احتجاجی مظاہرے کی کوشش کرنے میں دو سیاسی جماعتوں ،3 مذہبی جماعتوں اور13 این جی اوز کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ۔

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے موقع پر با قاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت نہ صرف یہ سب کچھ کیا جا رہا تھا بلکہ دوغیر ملکی خفیہ ایجنسی اس قدر متحرک تھیں کہ بھاری فنڈنگ کر کے باقاعدہ احتجاجی مظاہروں کو کروانے کے لیے مختلف گروپوں کو تیار کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

ترکی میں قتل ہونے والے صحافی ، یمن اور شام کے مسئلے کو ایشو کے طور پر مظاہروں میں استعمال کیا جانا تھا ۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والے 112 ایسے اکاؤنٹس کے حوالے سے اداروں نے کوائف حاصل کر لئے ہیں، ان اکاؤنٹس کو باقاعدہ 2 سیاسی جماعتوں،3 مذہبی جماعتوں اور 13این جی اوز نہ صرف آپریٹ کر رہی تھیں بلکہ ان کے ذریعے نفرت انگیز مواد پھیلا جا رہا تھا ۔ ذرائع کے مطابق کئی صحافیوں کوبھی اس حوالے سے تیار کیا جارہا تھا کہ وہ مختلف پریس کلبوں کے باہر احتجاج کریں۔

قومی اداروں کی بہترین حکمت عملی کے تحت اقدامات کے باعث سعودی ولی عہد کی آمد پر کی جانے والی نہ صرف اس سازش کو بے نقاب کیا گیا بلکہ ایسے تمام گروپس کے خلاف، جو سوشل میڈیا پر منفی مہم چلاتے رہے ہیں، کارروائی کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی خفیہ ایجنسی جہاں ایک طرف اس تاریخی دورے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی تھی، وہاں پر اس دورے کے دوران دہشتگردی کروانے کی بھی کوشش تھی جو پاکستان کے حساس اداروں نے نہ صرف ناکام بنائی بلکہ اس سلسلے میں اہم گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں