سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع، شہریوں نے ائیرپورٹ پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا

پاکستان زندہ باد اور پاکستان کی حکومت زندہ باد ، عمران خان زندہ باد۔ سعودی جیل سے رہائی کے بعد وطن واپس پہنچنے والا پاکستانی شہری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 11:44

سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع، شہریوں نے ائیرپورٹ پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) :سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے اعلان کے بعد پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ دو روز میں 131 پاکستانی رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ وطن واپس پہنچنے والے پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سعودی جیل سے رہائی پانے کے بعد پاکستانی شہری ائیرپورٹ پہنچے تو ایف آئی اے امیگریشن کی جانچ پڑتال کے بعد مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دے دی جس پر شہری خوشی سے نہال ہو گئے۔

سعودی عرب کی جیلوں سے رہا افراد نے لاہور ائیرپورٹ پر سجدہ شکر ادا کیا اور آبدیدہ ہو کر پاکستان کی موجودہ حکومت کے لیے بھی اظہار تشکر کیا۔ سعودی جیل سے رہا ہو کر وطن واپس پہنچنے والے ایک پاکستانی شہری نے اپنے پیاروں سے ملنے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زندہ باد ، پاکستان کی حکومت  زندہ باد اور عمران خان زندہ باد۔

(جاری ہے)

وطن واپس پہنچنے والے پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ نے وزیر اعظم عمران خان کے ان کے لیے آواز بلند کرنے کا خیر مقدم بھی کیا۔۔یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تو وزیراعظم ہاؤس میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے حاجیوں کو امیگریشن کی سہولت فراہم کرنے اور قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے عشائیے کے دوران خصوصی طور پر کھڑے ہو کر خصوصی طور پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے درخواست کی کہ 3 ہزار پاکستانی جو اپنا گھربار چھوڑ کر سعودی عرب گئے۔ وہ معمولی جرائم میں جیلوں میں قید ہیں۔ میری درخواست ہے کہ ان کو رہا کیا جائے۔ جس پر سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان کو انکارنہیں کرسکتے، وزیراعظم آپ مجھے سعودی عرب میں اپنا پاکستانی سفیر سمجھیں۔ انہوں نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی جس کے بعد اگلے ہی روز سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں قید 2 ہزار 107 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا جس سے سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں اور پاکستان میں موجود ان کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں