اسٹیٹ بینک نے خصوصی افراد کے لیے رعایتی قرضوں کی سہولت کا اعلان کر دیا

منگل 19 مارچ 2019 23:58

اسٹیٹ بینک نے خصوصی افراد کے لیے رعایتی قرضوں کی سہولت کا اعلان کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) بینک دولت پاکستان نے خصوصی افراد کے لیے اسمال انٹرپرائز قرضوں اور قرضے پر ضمانت کی رعایتی سہولت کا اعلان کر دیا۔ گورنر طارق باجوہ نے یہ اعلان خزانہ محصولات اور اقتصادی امور پر قومی اسمبلی کی مجلسِ قائمہ کے ساتویں اجلاس منعقدہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں کیا۔ اس موقع پر مجلس قائمہ کے ارکان اور اسٹیٹ بینک کے سینئر ایگزیکٹوز بھی موجود تھے۔

طارق باجوہ نے کہا کہ ملک میں معذوری میں مبتلا افراد کی مشکلات، اور ان کے الگ تھلگ رہنے کی وجہ سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان کا احساس کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے ترجیحی شعبے کی ترقی کو پیشِ نظر رکھ کر خصوصی افراد کے لیے ایک اسکیم پر نظر ثانی کی ہے۔ سالانہ 5 فیصد رعایتی شرح پر قرضے کی اس سہولت سے اسمال انٹرپرائز کے زمرے میں آنے والے خصوصی افراد کو قرضے تک رسائی بہتر ہونے کی توقع ہے ۔

(جاری ہے)

اسکیم کے تحت بینک اور ترقیاتی مالی ادارے نئے کاروباری ادارے بنانے کے لیے یا پہلے سے قائم اداروں کی توسیع کے لیے خصوصی افراد کو قرضے کی سہولت دیں گے۔اسٹیٹ بینک اِن افراد کو دیے گئے قرضے کے 100 فیصد کے مساوی ری فنانس بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کو فراہم کرے گا۔خصوصی افراد زیادہ سے زیادہ پانچ سال کے لیے، جس میں چھ ماہ کی رعایتی مدت بھی شامل ہوگی، 1.5 ملین (15 لاکھ)روپے تک قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک اسکیم کے تحت دیے گئے واجب الادا قرضوں پر بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کو 60 فیصد رسک کوریج بھی دے گا۔ قرضے کی اس سہولت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پاکستان میں خصوصی افراد کے سماجی و معاشی حالات بہتر بنائے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں