شہباز شریف کی نئی جائیدادیں سامنے آگئیں، دوبارہ جیل جانے کا امکان

شہباز شریف کی دونوں بیویوں کی جائیدادوں کی تفصیلات نیب کو موصول، سابق وزیراعلیٰ نے تہمینہ درانی کو 8جائیدادیں تحفے میں دیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 19 مارچ 2019 22:07

شہباز شریف کی نئی جائیدادیں سامنے آگئیں، دوبارہ جیل جانے کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19مارچ2019ء) شہباز شریف کی بیویوں کے نام جائیدادوں کی تفصیلات نیب نے حاصل کر لی ہیں۔ کئی جائیدادیں سامنے آنے کے بعد سابق وزیراعلیٰ کے ایک بار پھر جیل جانے کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔ شہباز شریف نے حراست کے دوران تفتیش میں ان جائیدادوں کا انکشاف کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی دونوں بیویاں اربوں کی جائیدادوں کی مالک ہیں اور نیب نے ان جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔

شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کے 12کمپنیوں میں 69لاکھ 56ہزار 5سو شئیرز ہیں جن کی مالیت 87لاکھ 85ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔ ایف بی آر کے ریکارڈ کے مطابق 96ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن اور مری کی رہائش گاہیں بھی نصرت شہباز کے نام پر ہیں جن کی مالیت 18کروڑ 65لاکھ 81ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نیب کے مطابق نصرت شہباز کے اثاثوں کی مالیت22کروڑ 56لاکھ سے زائد ہے اس کے علاوہ انکے پاس قصور فیروزوالا میں810کنال زرعی اراضی بھی ہے جس کی مالیت صرف 26لاکھ ظاہر کی گئی ہے۔

ایس ای سی پی کے ریکارڈ کے مطابق نصرت شہباز کے رمضان شوگر مل، حمزہ سپنگ مل، کلثوم ٹیکسٹائل، محمد بخش ٹیکسٹائل، شریف پولٹری، شریف ڈئیری، کوالٹی چکن، شریف ملک پراڈکٹس، کرسٹک پلاسٹک اور الاریبیہ شوگر مل میں بھی شئیرز ہیں۔ شہباز شریف نے اپنی دوسری بیوی تہمینہ درانی کو لاہور ڈیفنس سمیت 8 قیمتی جائیدادیں تحفے میں دیں۔ تہمینہ درانی کے پاس گوادر میں 4کنال کا پلاٹ اور ایک ایکڑبیش قیمتی زمین بھی ہے۔

نیب کو ان تمام جائیدادوں کی تفصیلات موصول ہو گئی ہیں اور اب نیب ان کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان جائیدادوں کے سامنے آنے کے بعد میاں شہباز شریف کو ایک بار پھر جیل جانا پڑ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ سکیم اور صاف پانی منصوبے مین کرپشن کے کیسز میں پہلے ہی عدالت سے سزا پا چکے ہیں اور ابھی ضمانت پر رہا کیے گئے ہیں لیکن اب ان کے دوبارہ گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں