احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد

سابق وزیر سیاسی جماعت کے رکن ہیں وہ سیاست نہیں کریں گے تو کیا کریں گے. ریمارکس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 مارچ 2019 14:22

احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 مارچ۔2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کردی ہے. عدالت عالیہ میں جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے منیر احمد کی جانب سے احسن اقبال کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی. سماعت کے دوران جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ اب احسن اقبال نے کیا کہا ہے؟ جس پر اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ احسن اقبال نے کہا کہ سابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے اربوں روپے کی تشہیری مہم کی جبکہ ڈیم بنانے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کا ہے.

(جاری ہے)

اس پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ احسن اقبال سیاسی جماعت کے رکن ہیں وہ سیاست نہیں کریں گے تو کیا کریں گے. ساتھ ہی انہوں نے استفسار کیا کہ اب تک کیا محنت ہوئی ہے کیا ڈیم بن گئے ہیں؟موصوف باہر پہنچے ہیں سنا ہے کہ تحریک انصاف کے 3 رکن قومی اسمبلی بھی ساتھ ہیں، ایسا کچھ ہوگا تو لوگ پھر باتیں تو کریں گے، سنا ہے بیرون ملک فنڈ ریزنگ کے دوران ان کے سامنے کسی نے جوتا بھی رکھا ہے.

بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے منیر احمد کی جانب سے احسن اقبال کے خلاف دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست مسترد کردی. خیال رہے کہ اس درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ احسن اقبال سپریم کورٹ کے فل بینچ کے فیصلے کی نفی کر رہے ہیں اور عدلیہ اور اداروں کے خلاف بیان بازی سے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں. درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عدلیہ مخالف تقاریر پر لاہور ہائیکورٹ احسن اقبال کی غیر مشروط معافی قبول کر چکی ہے لیکن عدالتی احکامات کے باوجود عدلیہ مخالف بیان دینا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے،لہٰذا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے.

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے دیامر بھاشا ڈیم کی تشہیری مہم پر خرچ کیے گئے 13ارب روپے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے وصول کرنے کا مطالبہ کیا تھا. مسلم لیگ (ن) کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین احسن اقبال نے کہا تھا کہ سابق چیف جسٹس نے ڈیم فنڈ کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایا. انہوں نے کہا تھا کہ ڈیم فنڈ سے 9 ارب روپے اکٹھا کیے گئے جبکہ اس کی تشہیری مہم پر 13 ارب روپے خرچ کردیے گئے، لہٰذا اس کی تشہیری مہم پر خرچ کی گئی رقم سابق چیف جسٹس سے وصول کی جائے.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں