منشیات سمگلنگ کیس ،چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریسا کو جرم ثابت ہونے پر ساڑھے 8سال قید ،جرمانے کی سزا سنا دی گئی

شریک ملزم شعیب حفیظ خان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا ، فیصلے سنتے ہی ملزمہ نے پھوٹ پھوٹ کر رونا شروع کر دیا ملزمہ ٹریسا اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر سکی، مقررہ وقت میں ہائیکورٹ میں فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتی ہے‘سیشن عدالت کا فیصلہ

بدھ 20 مارچ 2019 16:17

منشیات سمگلنگ کیس ،چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریسا کو جرم ثابت ہونے پر ساڑھے 8سال قید ،جرمانے کی سزا سنا دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) سیشن عدالت نے منشیات سمگلنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریسا کو جرم ثابت ہونے پر ساڑھے 8سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی جبکہ مقدمے کے شریک ملزم شعیب حفیظ خان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا ، فیصلے سنتے ہی ملزمہ نے کمرہ عدالت میں پھوٹ پھوٹ کر رونا شروع کر دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج شہزاد رضا نے 12 مارچ کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ۔عدالت نے ملزمہ ٹریسا کو جرم ثابت ہونے پر 8سال اور 8 ماہ قید اور ایک لاکھ تیرہ ہزار 337 روپے جرمانے کی سزا سنائی ۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزمہ کو مزید 8ماہ 20دن کی قید کی سزا کاٹنا ہو گی۔عدالت نے مقدمے کے شریک ملزم شعیب حفیظ خان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ شریک ملزم شعیب کے خلاف ٹھوس ثبوت پیش نہیں کئے جا سکے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ پراسیکیوشن نے ٹریسا کی ہیروئن سمگل کرنا ثابت کر دی، ملزمہ ٹریسا اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر سکی، ملزمہ کو ثابت کرنا تھا کہ پکڑی گئی ہیروئن اس کے دعوے کے مطابق اس کی نہیں مگر ملزمہ اپنا موقف ثابت کرنے میں ناکام رہی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ مقررہ وقت میں ہائی کورٹ میں فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتی ہے۔

فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر یورپی ملک چیک ریپبلک کے سفارت خانے کی ڈپٹی سیکرٹری بھی موجود تھیں ،فیصلے سنتے ہی ملزمہ ٹریسا نے کمرہ عدالت میں پھوٹ پھوٹ کر رونا شروع کر دیا۔فیصلے کے بعد ملزمہ کو سخت سکیورٹی میں واپس بخشی خانے منتقل کر دیا گیا۔ماڈل کو 10جنوری 2018ء کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ ملزمہ کو ساڑھے آٹھ کلو ہیروئن لاہور ائیر پورٹ سے سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا تھا،ملزمہ کے خلاف نو گواہان نے بیانات ریکارڈ کروائے ،غیر ملکی ماڈل کے ساتھ چار مزید ملزمان کو نامزد کیا گیا ،مقدمے کے تین ملزمان اشتہاری ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں