لله*صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ریسورس موبلائزیشن کاچوتھا اجلاس

/محکمہ صحت، زراعت ، لائیوسٹاک اور محکمہ خوراک کی جانب سے اجلاس کو انتظامی امور اور اخراجات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا،ر وسائل میں اضافے کی تجاویز پیش

بدھ 20 مارچ 2019 21:15

Nلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2019ء) صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ریسورس موبلائزیشن کاچوتھا اجلاس سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد ، وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال ،وزیر زراعت نعمان احمد لنگڑیال، وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری ، وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز، وزیر برائے بورڈ آف ریونیو محمد انور، ایڈوائزر ایگریکلچر عبدالحئی دستی اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔

اجلاس کا مقصدمالی سال 2019-20کے بجٹ کی تیاری کے لیے صوبائی وسائل میں اضافے کے حوالے سے ٹیکس اورنان ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے لیے تجاویز کا جائزہ تھا۔ محکمہ صحت، زراعت ، لائیوسٹاک اور محکمہ خوراک کی جانب سے اجلاس کو انتظامی امور اور اخراجات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور وسائل میں اضافے کی تجاویز پیش کی گئیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ زرعی شعبہ کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لیے کسانوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کی جا رہی ہے ۔

آئندہ بجٹ میں بلاسود قرضوں کی تعداد میں واضح اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ رسک مینجمنٹ کے منصوبہ کو بھی وسعت دی جائے گی ۔ اس ضمن میں انشورنس کمپنیوں کے ساتھ معاملات آگے بڑھائے جا رہے ہیں ۔ ایسے میں ضروری ہے کہ پروگریسو فارمرزکی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ دوسرے کسانوں میں ترغیب پیدا کی جا سکے۔ سبسڈی کوصرف اس طبقہ تک محدود رکھا جائے جسے اس کی ضرورت ہے۔

سبسڈی کی فراہمی کے لیے ہدف کے تعین سے اس کے دائرہ کار میں اضافہ ممکن ہو گا ۔ علاج کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی مریضوں کی مالی حالت کے مطابق معاونت کا فارمولا اختیار کیا جائے تو اس کے سکیل میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے تاہم انصاف صحت کارڈ کی فراہمی بیشتر مسائل کے حل میں معاون ثابت ہو گی۔ پارکنگ ، کینٹین اور ایسی دوسری خدمات کے حوالے سے تمام ہسپتالوں کے لیے یکساں پالیسی وضع کی جائے تاکہ لواحقین کی شکایات کا ازالہ ممکن ہو ۔

رمضان باراروں کے لیے خصوصی پیکج کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ محکمہ کی جانب سے پرائس کنٹرول کے مسئلہ پر بھی توجہ دی جائے ۔ رمضان سے قبل دکانداروں کی جانب سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بلاوجہ اضافے کی روک تھام بھی ضروری ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے مریضوں اور ان کے لواحقین میں احساس ذمہ داری کے لیے آئوٹ ڈور سروسز پر کنٹرول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے تحت پورے صوبے میں ہسپتالوں کی ایمرجنسی سروسز میں علاج معالجے اور ادویات کے علاوہ شوگر ،ہیپاٹائٹس، ایڈز ا ور ویکسینیشنز کی مفت فراہمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

میاں اسلم اقبال نے وسائل میں اضافے کے لیے غیر ضروری وصولیوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے مینجمنٹ ، مانیٹرنگ اور چیک اینڈ بیلنس سسٹم میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا ۔ نعمان لنگڑیال نے ٹارگیٹڈ سبسڈی کی تجویز کو سراہتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ محکمہ زراعت میں سبسڈی سسٹم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے موثر میکانزم کے تحت کام کیا جا رہا ہے جو بلاشبہ قابل ستائش ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں