ملک کو درپیش تمام بحرانوں سے نبردآزماہونے کیلئے ہمیں تازہ ولو لہ اور عزم نوکے ساتھ وسیع تر انقلاب کی بنیاد رکھنا ہوگی‘دوست محمد مزاری

ارچ 1940 کو پاکستان کا تصور پیش کیا گیا اور بڑی جدو جہد اور تاریخی قربانیوں کے بعد پاکستان وجود میں آیا‘ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

جمعہ 22 مارچ 2019 14:56

ملک کو درپیش تمام بحرانوں سے نبردآزماہونے کیلئے ہمیں تازہ ولو لہ اور عزم نوکے ساتھ وسیع تر انقلاب کی بنیاد رکھنا ہوگی‘دوست محمد مزاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے جس میں ہم سب کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کے لئے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے ا فکا ر کے مطابق بھر پور محنت کرنا ہوگی تاکہ اقوام عالم میں پاکستان کانام بلند ہونے کے ساتھ عزت ووقار کی علامت بھی ہو۔

انہوں نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرار داد پاکستان نہ صر ف پاکستان بلکہ اقوام- عالم کے لئے مشعل راہ ہے۔ 80سال قبل عوام کے جم غفیر نے ایک آزادخود مختار ریاست کے لئے جو قراداد منظور کی تھی آج اس کا تقاضا یہ ہے کہ ہم آپس میں متحد ہو کر اندرونی و بیرونی سازشوں کا مقابلہ کریں۔

(جاری ہے)

آج ملک کے حالات ہم سے یہ تقاضا کرتے ہیں کہ ہم اتحاد، ایمان اورتنظیم کا جوپیغام قائداعظم نے دیا تھا اس کے مطابق پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائیں۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو پاکستان کا تصور پیش کیا گیا اور بڑی جدو جہد اور تاریخی قربانیوں کے بعد پاکستان وجود میں آیا۔ آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو پاکستان کے حصول کا مقصد سمجھائیں تاکہ ہماری نئی نسل دو قومی نظریہ کو جان سکے اور آگے چل کر مستقبل کے یہ معمار پاکستان کی ترقی اور بقاء کے لئے صحیح معنوں میں کام کرسکیں۔

ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ آج ملک کو درپیش تمام بحرانوں سے نبردآزماہونے کیلئے ہمیں تازہ ولو لہ اور عزم نوکے ساتھ وسیع تر انقلاب کی بنیاد رکھنا ہوگی اور اس انقلاب کا بنیادی مقصد محض سیاسی نظام یا اداروں میں تبدیلی لانا نہیں بلکہ اس کا دائرہ اثر سماجی زندگی کے تمام شعبوں تک بڑھاناہوگاتاکہ تبدیلی کا عمل محدود پیمانے کی بجائے کثیرالجہتی ہو ۔ ہم نے اس عزم کا اظہار کرنا ہے کہ ہم نے تخلیق پاکستان کے بنیادی مقاصد اور وطن کی خوشحالی اور استحکام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں