نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کی ڈائون پیمنٹ 20سے کم کر کے 10فیصد کر دی گئی ‘محمود الرشید

عوام کو 5لاکھ روپے کا بلا سود قرضہ حسنہ دینے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں‘صوبائی وزیر کاتقریب سے خطاب

جمعہ 22 مارچ 2019 23:32

نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کی ڈائون پیمنٹ 20سے کم کر کے 10فیصد کر دی گئی ‘محمود الرشید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایت پر نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت گھروں کے حصول کی ڈوئون پیمنٹ کو 20سے کم کر کے 10فیصد کر دیا گیا ہے۔ ضلع لودھراں کو بھی اس سکیم کے پہلے مرحلے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ انہوںنے یہ بات لودھراں میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کی جگہ کے معائنہ اور اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان لودھراں میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کا افتتاح کریں گے اورکم آمدنی والے عوام کو اپنا گھر بنانے کیلئے 5لاکھ روپے کا بلا سود قرضہ حسنہ دینے کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔اس سال تین لاکھ گھروں کی تعمیر کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ہائوسنگ سکیم میں دو فیصد کوٹہ صحافیوں کیلئے مختص کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو کم لاگت کے گھروں کی فراہمی کیلئے ایک جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہے اور متعلقہ محکموں کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈی جی ہائوسنگ سکیم لیاقت علی چٹھہ اور ڈپٹی کمشنر رائو امتیاز نے بھی تقریب سے خطا ب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں