پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میںپہلے رائونڈ کے مزید تین میچز کا فیصلہ

آئی سی آئی نے تھری ڈی ماڈلنگ،پی ٹی وی نے ایگزونوببل اور نیٹسول نے یو بی ایس الیون کو شکست دی

اتوار 24 مارچ 2019 11:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان جاری پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے رائونڈ کے مزید تین میچز کا فیصلہ ہو گیا ،ٹائون شپ وائٹس اور ریس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچز میں آئی سی آئی ،پی ٹی وی اورنیٹسول نے حریف ٹیموں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔پہلے میچ میں پاکستان ٹیلی ویژن نے ایگزونوبل کو 63رنز سے شکست دی۔

پاکستان ٹیلی ویژن نے پہلے کھیلتے ہوئے 163رنز کا ہدف دیا۔ بابر علی نی41رنز بنائے جبکہ زرغام علی اور امیر جاوید نے تین ،تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ایگزونوبل کی ٹیم صرف99 رنز بنا سکی ۔سلمان ڈار نے 29 رنز بنائے جبکہ عمر دراز اور محمد الیاس نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

بہترین کارکردگی پر فاتح ٹیم کے بابرعلی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔دوسرے میچ میں نیٹسول او ریو بی ایس الیون کی ٹیمیں مد مقابل آئیں جس میں نیٹسول نے یو بی ایس کو 9 وکٹوں سے پچھاڑ دیا ۔ یو بی ایس الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 138 کا ہندسہ جوڑا ۔ بلال انجم نے 40رنز کی اننگز کھیلی ۔ نیٹ سول کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔

محمد شہزاد نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ بہترین کارکردگی پر نیٹسول کے محمد شہزاد مین آف دی میچ قرار پائے۔ آئی سی آئی اور تھری ڈی ماڈلنگ کے درمیان ہونے والے میچ میں آئی سی آئی نے کامیابی سمیٹی ۔ تھری ڈی ماڈلنگ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔ امجد عزیز نے 55 جبکہ محمد جواد نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

زہیب شاہد اور علی شجاع نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آئی سی آئی کے کھلاڑیوں نے ہدف کے تعاقب میں جان لڑا دی اور مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ محمد یوسف نے 45 رنز کی اننگز کھیلی ۔ منیب بٹ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا ۔ ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر آئی سی آئی کے کپتان محمد یوسف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں رائونڈ میچز کا آخری مرحلہ آئندہ ہفتے لاہور کی مختلف گرائونڈز پر اختتام پذیر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں