کرائسٹ چرچ دہشتگردی میں شہید سید اریب کی میت (آج )کراچی پہنچے گی

اریب چارٹرڈ اکانٹنٹ اور اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے، نماز جنازہ بھی آج ہو گی

اتوار 24 مارچ 2019 13:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاکستانی نوجوان سید اریب کی میت آج (پیر )کی صبح کراچی پہنچے گی۔نیوزی لینڈ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹرعبدالمالک کے مطابق سید اریب کا جسد خاکی غیر ملکی ایئر لائن کے حوالے کردیا گیا ہے۔ شہید کی میت آج بروز پیر کی صبح 10 بجے غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای کے 600 کے ذریعے کراچی پہنچائی جائیگی۔

میت کے ہمراہ ان کی کمپنی کا ایک ملازم بھی پاکستان آئے گا۔کراچی سے تعلق رکھنے والے سید اریب کی نماز جنازہ آج (پیر ) ہی ادا کی جائے گی اور انہیں سخی حسن کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔اریب چارٹرڈ اکانٹنٹ اور اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے، ان کی ایک چھوٹی بہن ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 22 مارچ کو سانحہ میں شہید آٹھ پاکستانیوں کو نیوزی لینڈ میں سپردِ خاک کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعہ 15 مارچ کوبرینٹن ٹیرنٹ نامی دہشتگرد نے دو مساجد میں میں نمازجمعہ کے دوران فائرنگ کردی تھی جس سے 9پاکستانیوں سمیت 50افراد شہید ہوئے۔ واقعے کے وقت ٹیسٹ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ میں موجود بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی وہیں تھے جو محفوظ رہے اور بعد ازاں تیسرا اور آخری کھیلے بغیر وطن واپس روانہ ہوگئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں