بلاول بھٹو ٹرین مارچ میں مزید سخت بات کریں گے،حامد میر

بلاول بھٹو کی کچھ باتوں سے اختلاف اور کچھ کے حق میں ہوں، بلاول بھٹو کے بیان کی ٹائمنگ غلط ہے، اسد عمر کا فضل الرحمن خلیل سے تعلق ہے،اس کاتعلق محترمہ سے بھی تھا، شیخ رشید کا تعلق جیکیایل ایف سے ہے، جس پرپاکستان میں نہیں انڈیا میں پابندی ہے۔سینئر تجزیہ کار حامد میر کاتبصرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 24 مارچ 2019 20:45

بلاول بھٹو ٹرین مارچ میں مزید سخت بات کریں گے،حامد میر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مارچ 2019ء) سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ٹرین مارچ میں مزید سخت انداز میں یہی بات کریں گے، بلاول بھٹو کی کچھ باتوں سے اختلاف اور کچھ کے حق میں ہوں ، بلاول بھٹو کے بیان کی ٹائمنگ غلط ہے،اسد عمر کا فضل الرحمن خلیل سے تعلق ہے،اس کاتعلق محترمہ سے بھی تھا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو ٹرین مارچ شروع کرنے والے ہیں، بلاول بھٹو یہی باتیں جن پر انہیں غدار کہا جارہا ہے ،یہی باتیں وہ دوبارہ کریں گے ، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی کالعدم تنظیموں اور بھارتی طیاروں کے حوالے کی گئی باتوں میں کچھ کے ساتھ اتفاق کرتا ہوں اور کچھ کے ساتھ اختلاف کرتا ہوں۔

لیکن بلاول بھٹو اپنے بیانات میں کچھ حقائق بھی غلط بتا رہے ہیں ،بلاول نے اسد عمر کی ایک تصویر ٹویٹ کی ان کے ساتھ فضل الرحمن خلیل ہیں، لیکن بلاول کو یہ نہیں معلوم کہ مولانا فضل الرحمن خلیل کی محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ بھی ملاقاتیں رہی ہیں۔

(جاری ہے)

نصیراللہ بابر کے ساتھ بھی ان کی ملاقاتیں رہی ہیں، نصیراللہ بابرکے ساتھ ملاقاتوں کا میں خود گواہ ہوں۔

حامد میر نے کہا کہ کچھ روز قبل پیغام پاکستان تقریب کا انعقاد ایوان صدر میں ہوا تھا۔بہت سے علماء کرام نے ایک فتوے پر دستخط کیے تھے کہ دہشتگردی حرام ہے ، خودکش حملے حرام ہیں، ان تمام علماء کرام میں فضل الرحمن خلیل کا بھی بڑا کردار تھا، یہ بات ٹھیک ہے کہ جب بھی افغان طالبان سے مذاکرات کی بات کی جاتی ہے توان سے کہا جاتا ہے کہ ہماری مدد کریں۔

پاکستان میں خود حملوں کی سب سے پہلے مخالفت فضل الرحمن خلیل نے کی تھی ۔فضل الرحمن خلیل شیعہ سنی اتحاد کے بڑے علمبردارہیں، راولپنڈی کے ایک مدرسے میں جب پھڈا ہوا تواس میں بھی اس نے کردارادا کیا۔بلاول ان کا قصور یہ بتا رہے ہیں کہ اس نے اسد عمر کی حمایت کی ہے۔ اگر اس نے سیاسی عمل کی حمایت کی ہے یہ توٹھیک بات ہے۔لیکن دوسری طرف کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے آئین کوہی نہیں مانتی۔

انہوں نے کہا کہ یہی مولانا فضل الرحمن خلیل کشمیر کانفرنس میں آصف زرداری کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔حامد میر نے ایک سوال پر کہا کہ ہم عمران خان سے ملتے ہیں توان کوبھی سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں اور نوازشریف کو بھی سمجھانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔بلاول بھٹو شیخ رشید کے بارے بھی کہتے ہیں کہ ان کا بھی کالعدم تنظیموں سے تعلق رہا ہے۔شیخ رشید کا تعلق جے کے ایل ایف سے رہا ہے لیکن اس پر پابندی انڈیا نے لگائی ہے پاکستان میں پابندی نہیں ہے۔ جے کے ایل ایف کے ساتھ شیخ رشید کا تعلق کالعدم تنظیموں کے زمرے میں نہیں آتا۔یہ بات میں نے بلاول بھٹو کو بھی بتائی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں