نواز شریف کی صحت کے حوالے سے رپورٹیں سب کے سامنے ہیں،عثمان بزدار

محکمہ صحت پنجاب ایک بڑا محکمہ ہے، اتنے بڑے صوبے میں صحت کے حوالے سے بہت سارے چیلنجز ہیں، ایک وزیر اعلیٰ یا وزیر صحت کام نہیں کر سکتا، پنجاب حکومت ایک ٹیم ہے اور ٹیم کی شکل میں کام کر رہی ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی سرکاری ہسپتال میں سوبستروں پر مشتمل نئی وارڈ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 25 مارچ 2019 21:00

نواز شریف کی صحت کے حوالے سے رپورٹیں سب کے سامنے ہیں،عثمان بزدار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے رپورٹیں سب کے سامنے ہیں۔ حکومت نے انہیں اپنے علاج کے لئے باہر جانے سے ڈاکٹر منگوانے کی بھی پیشکش کر رکھی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب ایک بڑا محکمہ ہے اور پنجاب حکومت کو پہلی ترجیح محکمہ ہیلتھ ہے۔ اتنے بڑے صوبے میں صحت کے حوالے سے بہت سارے چیلنجز ہیں ایک وزیر اعلیٰ یا وزیر صحت کام نہیں کر سکتا۔

پنجاب حکومت ایک ٹیم ہے اور ٹیم کی شکل میں کام کر رہی ہے۔ گزشتہ روز لاہور میں واقعہ ذہنی مریضوں کے سرکاری ہسپتال میں سوبستروں پر مشتمل نئی وارڈ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت نے منشیات کے مریضوں کے علاج کے لئے بنائی گئی اس وارڈ میں62 ڈاکٹروں کو بھرتی کیا ہے۔

(جاری ہے)

جو پنجاب کا واحد ہسپتال ہے۔

جہاں منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے ایک ٹاسک فورس بھی بنا دی ہے۔ مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رحیم یار خان سے برآمد کی جانے والی دونوں بچیوں نے بہاولپور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں نواز شریف کو علاج کی تمام سہولتیں دستیاب ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب خصوصی افرد کے ہسپتال پہنچے تو ہسپتال کے ایم ایس سمیت دیگر ڈاکٹروں نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ مینٹل ہسپتال کے موقعہ پر ہسپتال کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں زیر علاج ذہنی مریضوں کو دسیتاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی۔ اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہسپتال میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار چلڈرن ہسپتال روانہ ہو گئے۔

جہاں پہنچ کر انہوں نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی۔ چلڈرن ہسپتال کی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور اس میں زیر علاج مریض بچوں کو دستیاب صحت کی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقعہ پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں