ؒلاہور، قوم کا خیال تھاکہ پی ٹی آئی معیشت سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے ہوم ورک کر کے آئی ہوگی،سینیٹر سراج الحق

پیر 25 مارچ 2019 22:46

ؒلاہور، قوم کا خیال تھاکہ پی ٹی آئی معیشت سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے ہوم ورک کر کے آئی ہوگی،سینیٹر سراج الحق
-لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قوم کا خیال تھاکہ پی ٹی آئی معیشت سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے ہوم ورک کر کے آئی ہوگی لیکن سات آٹھ ماہ کی کارکردگی سے عوام کے ساتھ ساتھ وہ لوگ بھی مایوس ہو گئے ہیں جو ان کو لانے والے تھے ۔ پاکستان کے مسائل کا حل صرف اسلامی نظام میں ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے دمام میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع اور احباب جمعیت و بزنس کمیونٹی کی طرف سے دیے گئے ظہرانے کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ستر سال میں عوام نے نئے نئے نعروں سے آنے والی سیاسی جماعتوں اور فوجی آمریت کو بار بار آزمایا ہے مگر آج بھی ملک کا سیاسی ،معاشی، تعلیمی اور عدالتی نظام وہی ہے جو انگریز چھوڑ کر گیا تھا ۔

(جاری ہے)

یہ عام آدمی کے استحصال کا نظام ہے ۔ آج بھی ملکی سیاست پر ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایجنٹ مسلط ہیں ۔ قوم ملک کی بہتری کے لیے ووٹ دیتی ہے ۔ کبھی روٹی کپڑا مکان ، کبھی خوشحال پاکستان ، کبھی سب سے پہلے پاکستان اور اب تبدیلی ، نیا پاکستان کے نعروں اور وعدوں سے ووٹ لینے والوں نے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت میں پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ،ایم کیو ایم اور پرویز مشرف کے لوگ شامل ہیں۔

پی ٹی آئی مختلف جماعتوں سے آنے والوں کا مسافر خانہ بن گئی ہے۔حکومت کے پاس کوئی معاشی اور تعلیمی اور صنعتی نظام نہیں۔ہم نے چپ سادھ کر حکومت کی پالیسیوں کو دیکھا ہے۔ہم چاہتے تھے کہ اگر حکومت بہتری کی طرف قدم اٹھائے گی تو ہم بھی اسے شاباش دیں گے مگر آٹھ ماہ گزر نے کے بعد حکومت نے معیشت کواور زیادہ خراب کردیا۔ قرضوں کا بوجھ اور آئی ایم ایف کی مزید بیڑیاں قوم کو پہنائی جارہی ہیں۔

قومی وحدت اور یکجہتی کو نقصان پہنچایااور ہمارے سیاسی کلچر کو بھی گندا کیا ہے۔آج وہ لوگ کف ِافسوس مل رہے ہیں جنہوں نے حکومت کو سپورٹ کیا اور ووٹ دیا۔لوگ سمجھتے ہیں کہ 70اور77کی طرح ان کے ساتھ ایک بار پھر دھوکہ ہوگیا ہے۔پی ٹی آئی کے نعروں اور دعوئوں کی قلعی کھل چکی ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب وہ لمحہ آچکا ہے کہ ہم حکمرانوں کے خلاف پوری یکسوئی سے میدان میں نکلیں۔

پاکستان کے عوام او رخاص طور پر نوجوان ایک عادلانہ اور منصفانہ نظام کی تلاش میں ہیں۔عوام چاہتے ہیں کہ ان کے زخموں پر کوئی مرہم رکھنے والا ہو۔عوام ایک اسلامی و خوشحال پاکستان چاہتے ہیں،جس میں ظلم و جبر اور استحصال نہ ہو ۔ عام آدمی کو بھی تعلیم، صحت ،روزگار اور انصاف کی وہی سہولتیں حاصل ہو ں جوحکمرانوں کوحاصل ہیں۔یہ کام صرف جماعت اسلامی کرسکتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں