نیب سمیت کسی ادارے میں حکومتی مداخلت نہیں ہم اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر رہے ہیں ‘چوہدری محمد سرور

مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگرمسائل بھی حل کیے جا رہے ہیں،حکومت کی تر جیح عام آدمی کی مشکلات کو ختم کر کے انکو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے‘گورنر پنجاب

پیر 25 مارچ 2019 23:10

نیب سمیت کسی ادارے میں حکومتی مداخلت نہیں ہم اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر رہے ہیں ‘چوہدری محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ نیب سمیت کسی ادارے میں حکومتی مداخلت نہیں ہم اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر رہے ہیں ۔ملک میں سفارشی کلچر کو ختم کر کے تمام تقر ریاں میرٹ پر یقینی بنا ئی جا رہی ہیں۔چین اور سعودی عرب سمیت دیگر دوست ممالک کے تعاون کی وجہ سے پاکستان معاشی طور پر دن بدن مضبوط ہورہا ہے۔

مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگرمسائل بھی حل کیے جا رہے ہیں۔وفاقی اور پنجاب حکومت کی تر جیح عام آدمی کی مشکلات کو ختم کر کے انکو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی کیلئے جوکر دار ادا کر رہے ہیں اسکی جتنی بھی تعر یف کی جائے وہ کم ہے ۔اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج گور نر ہائوس لاہور میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان ‘ ظفر چوہدری اور ڈاکٹر بلال احمد سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میںعوام کو ایمانداری قیادت ملی ہے جو ملکی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے جسکی وجہ سے ملک میں تمام شعبوں میںبہتری آرہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو بھی وعدے کیے ہیں ان پر مکمل عملددرآمد کر رہی ہے ۔گورنر نے کہا کہ کر پشن اس ملک کا سب سے بڑ ا مسئلہ ہے اور حکومت کسی بھی شعبے میں ایک روپے کی بھی کر پشن کو برداشت نہیں کریں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں کے خلاف جو بھی مقدمات ہیں ان سے موجودہ حکومت کا کوئی تعلق نہیں کیونکہ ہماری حکومت نے کسی کے خلاف ایک بھی مقدمہ نہیں بنایا ۔گورنر نے کہا کہ ملک کو در پیش معاشی مسائل کی اصل وجہ ماضی کی حکومتوں کے اربوں ڈالرز کے قر ضے اور بیڈ گورننس ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ قوم کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں موجودہ حکومت ہر صورت ملک کو معاشی مشکلات سے نجات دلا کر ترقی کی راہ پر گامزن کر یں گے ۔قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس لاہور میں صوبائی محتسب پنجاب نجم سعید نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی محتسب نے گورنر پنجاب کو اپنے ادارے کی سالانہ رپورٹ 2018پیش کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں