پنجاب پولیس کلچر میں تبدیلی کیلئے عملی اقدامات شروع

ابتدائی طور پر 40 کرپٹ ڈی ایس پیز کو فارغ کرنے کی لسٹیں تیار، کرپٹ افسران کو عہدوں سے فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن آئندہ دو روز میں جاری ہونے کا امکان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 مارچ 2019 20:10

پنجاب پولیس کلچر میں تبدیلی کیلئے عملی اقدامات شروع
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مارچ 2019ء) پنجاب پولیس کلچر میں تبدیلی لانے کیلئے عملی اقدامات شروع کردیے گئے، ابتدائی طور پر 40 کرپٹ ڈی ایس پیز کو فارغ کردیا جائے گا، کرپٹ ڈی ایس پیز کی لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں، پولیس کے کرپٹ افسران کو عہدوں سے فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس نے اعلیٰ افسران پرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی ، جس کو پولیس سے کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرکے رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ کمیٹی نے صوبے بھر میں خفیہ اداروں کی مدد سے کرپٹ افسران سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے۔ کمیٹی نے اپنی سفارشات پر مبنی ایک رپورٹ بھی آئی جی پنجاب کو بھجوائی ہے۔

(جاری ہے)

جس کے تحت ابتدائی طور پر40 کرپٹ ایس ڈی پی او اور ڈی ایس پیز کی لسٹ تیار کی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب پولیس کمیٹی کی سفارشات پر ایک دو روز میں ان افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔

بعدازاں ایس ایچ اوز ، انسپکٹرز اور پھر نچلی سطح پر پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ واضح رہے پی ٹی آئی نے حکومت میں آتے ہی پولیس کلچر کوتبدیل کرنے اورسیاست سے پاک کرنے کے اقدامات کا عندیہ دیا۔تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے پولیس ریفارمز کیلئے سابق آئی جی ناصر درانی کی خدمات بھی حاصل کیں لیکن بعد میں انہوں نے کسی وجہ سے وزیراعظم سے ذمہ داری سنبھالنے سے معذرت کرلی۔اسی اثناں میں سانحہ ساہیوال ہوگیا۔ جس پر حکومت نے پولیس کلچر کو تبدیل کرنے کی ٹھان لی ہے۔ پولیس کلچر کی تبدیلی سے حقیقت میں عوام کو ریلیف ملے گا۔ کیونکہ تھانہ کلچر میں انسان کو انسان نہیں سمجھا جاتا بلکہ انتہائی نارواسلوک کیا جاتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں