میاں اسلم اقبال نے قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت میں ون ونڈو سروس سینٹر کا افتتاح کر دیا

سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہم ہمارا مشن ہے، ایسے سینٹر صوبے کی تمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں بنائیں گے‘صوبائی وزیر

منگل 26 مارچ 2019 19:47

میاں اسلم اقبال نے قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت میں ون ونڈو سروس سینٹر کا افتتاح کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت میں ون ونڈو سروس سینٹر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو سینٹر میں سرمایہ کاروں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ون ونڈو سروس سینٹر کا اجراء خوش آئند ہے اور ایسی سہولت تما م انڈسٹریل اسٹیٹس میں ہونی چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں ون ونڈو سروس سینٹر کے اجراء سے یہاں سرمایہ کاری کرنے کے خواہش مندوں کو ایک چھت تلے سہولیات ملیں گی۔ ابتدائی طور پر یہاں دس سروسز فراہم کی جا رہی ہیں دوسرے مرحلے میں مزید سروسز بھی فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صوبے میں صنعت کاری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

نئے اسپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں۔ اسی طرح صوبے کے چھتیس اضلاع میں کاٹج انڈسٹری کی بحالی کا پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ چھوٹی و درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کے لیے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی تین سکیمیں اپریل کے پہلے ہفتے میں کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتیں لگے گی تو روز گار کے مواقعے بھی پیدا ہونگے۔

ہم نے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ایسے اقدامات کرنے ہیں جس سے ملک اور قوم کو فائدہ ہو ۔ اُنہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب سمارٹ ریگولیشنز ایکٹ لایا جا رہاہے جس سے مختلف محکموں میں فرسودہ قوانین ختم ہونگے اور اس ایکٹ کے نفاذ سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری تیزی سے آئے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم کیے گئے ون ونڈو سینٹر پر صنعت کار اور سرمایہ کار موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بھی شکایت درج کروا سکتے ہیں اور اِن کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں