پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لیے عظیم جدوجہد کی ضرورت ہے،سینیٹر سراج الحق

ملک کو انتشار اور انارکی سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اپنے رویے پر غور کرے،حقیقی تبدیلی کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے،امیرجماعت اسلامی کا اجتماعات سے خطاب

منگل 26 مارچ 2019 23:14

پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لیے عظیم جدوجہد کی ضرورت ہے،سینیٹر سراج الحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لیے اسی طرح کی عظیم جدوجہد کی ضرورت ہے جس طرح ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان کے لیے کی تھی ۔ ایسی تبدیلی جس میں وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو ، آئین کی بالادستی اور حکمرانی ہو اور عوام کو تعلیم ،صحت اور روزگار کی سہولتیں مل سکیں ۔

حقیقی تبدیلی کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے دمام خُبر اور جوبیل میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کو انتشار اور انارکی سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اپنے رویے پر غور کرے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی طرف توجہ دے ۔

(جاری ہے)

ستر سال سے ملک پر مسلط اشرافیہ نے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں کیا ۔

موجودہ حکومت کو بھی ملک و قوم کی ترقی و فلاح سے کوئی غرض نہیں ، محض اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کی کوششوں میںلگی ہوئی ہے ۔ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی مغربی ایجنڈے پر کاربند ہے اور ملک میں حیا سوز کلچر کو فروغ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں ۔ آپ کے خون پسینے کی کمائی سے پاکستان کو زرمبادلہ ملتاہے ۔

پاکستانی حکومت کو بھی دوسرے ملکوں میں محنت مزدوری کرنے والے اپنے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے چاہئیں ۔ انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانی بھی حکومت کی نااہلی کے شاکی ہیں ۔ پاکستانی عوام کی طرح اوورسیز پاکستانیوں نے بھی حکومت سے بہت سی توقعات اور امیدیں باندھ رکھی تھیں جو پوری نہیں ہوسکیں ۔ حکومت آٹھ ماہ کے اندر ہی ناکامی کی تصویر بن گئی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے بے شمار مسائل کا سامنا ہے ۔ حکومت کو اس حوالے سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستانی بچوں کو اپنی قومی زبان میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولت مل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو اپنے وفات پانے والے عزیز رشتہ داروں کی میت پاکستان منتقل کرنے کے لیے سخت مشکلات پیش آتی ہیں اور ہمارے سفارتخانے بھی اس حوالے سے ان کے ساتھ تعاون نہیں کرتے ۔ حکومت کو ان کی مشکلات و مسائل کے حل کی طرف فوری توجہ دینی چاہیے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں