پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا شاہراوں پر موٹرسائیکل اور بس کیلئے الگ لین بنانے کا فیصلہ

موٹر سائیکل سواروں کے لیے گرین لین بنائی جائیگی؛ پائلٹ پراجیکٹ مال روڈ اور کینال روڈ پر شروع کیا جائیگا

جمعرات 18 اپریل 2019 23:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شاہراوں پر موٹر سا ئیکلوں اوربسوں کیلئے الگ الگ لین متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ابتدائی طور پر مال روڈ اورکینال روڈ پر گرین لین بنائی جائے گی جس کیلئے کمشنر لاہور مکمل تعاون کریں گے۔ ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹریفک سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے منصوبے کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے ذریعے لاہور کی شاہراوں پر تیزرفتاراورآہستہ چلنے والی گاڑیاں جن میں موٹرسائیکل،بس،رکشہ،سائیکل ودیگرکم رفتارسے چلنے والی گاڑیاں شامل ہیں، ان کے لیے الگ لین بنا نے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھاجاسکے۔

اس ضمن میں ابتدائی طور پر گرین لین کا پائلٹ پراجیکٹ مال روڈ اور کینال روڈ لاہور سے شروع کیا جائیگا جس میں بسوں اور موٹر سائیکل کو مال روڈ پر بائیں لین میں چلنے کا پابند بنانے کی کوشش کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سیف سٹیزسینٹر میں سٹی ٹریفک پولیس،ٹیپا،لوکل گورنمنٹ اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران کا اجلاس منعقد ہواجس میں منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے کمشنر لاہور نے مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ شاہراہوں پرعلیحدہ لین کی پابندی کے لیے لاہور سٹی ٹریفک پولیس اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی مل کرکام کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں