اسد عمر سے وزارت واپس لینے کا فیصلہ عمران خان کا نہیں تھا

وزیراعظم عمران خان کو اسد عمر کو تبدیل کرنے کا مشورہ اچانک دیا گیا جس سے وہ انکار نہیں کر سکے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 19 اپریل 2019 10:54

اسد عمر سے وزارت واپس لینے کا فیصلہ عمران خان کا نہیں تھا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل 2019ء) معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا ہے کہ اسد عمر کا جانا تحریک انصاف کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے۔اسد عمر کو مکمل چارج شیٹ کر کے بھیجا گیا اور اسد عمر جو ہنس رہے تھے دراصل اندر سے ایسا نہیں تھا۔انہوں نے جاتے جاتے کہہ بھی دیا کہ میرے بعد آنے والے وزیر خزانہ کے لیے بھی کام آسان نہیں ہو گا۔ڈاکٹر شاہد مسعود کا مزید کہنا تھا کہ ہم تو یہی کہیں گے اسد عمر کو عمران خان نے ہٹایا ہے لیکن عمران خان کو ایسا کرنے کا مشورہ آیا تھا جس سے وہ انکار نہیں کر سکے۔

اس کے بعد بیوروکریسی پر بھی پانی پھرنے والا ہے۔جب کہ پنجاب میں بھی بڑی تبدیلی آنے والی ہے اور عثمان بزدار کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسد عمر نے جمعرات کے روز وزارت خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے اعلان کیا کہ انہیں وزارت توانائی کے عہدے کی پیش کش کی گئی ہے، تاہم انہوں نے کوئی بھی وزارت لینے یا وفاقی کابینہ کا حصہ بننے سے معذرت کر لی ہے۔

جبکہ اسد عمر کے استعفیٰ کے بعد سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنانے کا اعلان کیا گیا ۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفیٰ پر ان کے بھائی اور سابق گورنر سندھ زبیر عمر کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے زبیر عمر کا کہنا تھا کہ وہ اسد عمر کی پالیسیوں اور سیاست سے اختلاف کرتے ہیں، تاہم ملک کو اسد عمر جیسے سیاستدانوں کی ضرورت ہے۔ زبیر عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسد عمر قرض کے حصول کیلئے آئی ایم ایف جانے کے مخالف تھے۔ تاہم وزیراعظم عمران خان اپنے بڑے بڑے خوابوں کی تکمیل چاہتے ہیں۔ زبیر کا دعویٰ ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے معاملے پر اسد عمر اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان اختلاف تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں