کرپشن فری واسا اور کرپشن فری پاکستان کے حوالے سے واک کا اہتمام

وائسچیئرمین واساشیخ امتیاز محموداور سینیٹر ولید اقبال کی قیادت میں واساہیڈ آفس گلبرگ سے مین مارکیٹ تک ریلی نکالی گئی

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:00

ْ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) کرپشن فری واسا اور کرپشن فری پاکستان کے عنوان سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں کی قیادت میں واسا ہیڈ آفس سے مین مارکیٹ تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود اور سینیٹر ولید اقبال نے کی۔ ریلی میں وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ عمران منیر، عبداللہ ملک، ممبر پرائس کنٹرول کمیٹی عابد میر، ایم پی اے سعدیہ سہیل، آمنہ الفت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وائس چئیرمین واسا شیخ امتیاز محمود نے کہا کہ واسا کو کرپٹ مافیا سے آزاد کرائیں گے۔ جو ماضی کے ساستدانوں نے یہاں اپنی باقیات کے طور پر چھوڑے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ واسا کو پرائیویٹ کرنے کی کوئی سمری زیر غور نہیں ۔ واسا کے ایماندار افسران و ملازمین ہی اس ادارے کا سرمایہ ہیں اور انشا اللہ واسا سے کرپشن کو ختم کرکے واسا کو مستحکم اور خود کفیل بنائیں گے۔

اس موقع پر سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہو کر کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور پاکستان کو کرپشن سے پاک کریں گے۔جب کرپٹ لوگ پکڑے جاتے ہیں اور ان کے گردگھیرا تنگ ہوتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے لیکن یہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کا پروپیگنڈہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نوسرباز سیاستدانوں کی باتوں میں نہ آئیں۔ ملک کو زبوں حال کرنے والے اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں