محکمہ موسمیات نے منگل سے ملک میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کر دی

بارشوں کا نیا سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اپریل 2019 12:54

محکمہ موسمیات نے منگل سے ملک میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اپریل 2019ء) : پنجاب میں موسم گرم اور خشک رہنے پر اب شہریوں کو بارشوں کی نوید مل گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے منگل سے ملک میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے شروع ہونے والا بارشوں کا نیا سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا۔ اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور ڈویژن میں بارش ہوگی۔

سکھر ڈویژن میں بھی چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی۔ دوسری جانب آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور سندھ میں گرم رہنے کی پیش گوئی کی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی موسم آج بھی خشک رہے گا۔

(جاری ہے)

شہر کا درجہ حرارت37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے کوہاٹ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج گرمی کی شدت میں قدرے اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔ دوپہر کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام کے وقت موسم معتدل ہوگا۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ بھر میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کا درجہ حرارت صبح کے وقت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد رہا۔ آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب کے اکثر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ آزاد کشمیر کے اکثر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ مظفرآباد، میرپور، کوٹلی اور باغ میں آج بارش متوقع ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں