آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز

تنخواہ دار طبقے کیلئے سالانہ ٹیکس چھوٹ12 لاکھ سے کم کرکے 9لاکھ کرنے کی تجویز ، ایف بی آر نے بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دینا شروع کردی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 اپریل 2019 17:29

آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل 2019ء) آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز دے دی گئی، تنخواہ دار طبقے کیلئے سالانہ ٹیکس چھوٹ12 سے کم کرکے 9لاکھ روپے کرنے کی تجویز ہے،ایف بی آر نے بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے طابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وزارت خزانہ کو آئندہ مالی سال میں ٹیکس ہدف کو پورا کرنے کیلئے مختلف سیکٹرز اور اشیاء پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز پیش کردی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے بجٹ کے پیش نظر ٹیکس تجاویز کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ تنخواہ دار طبقے کیلئے تجویز پیش کی گئی ہے کہ آئندہ نئے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھایا جائے۔ جس سے تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس چھوٹ کم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

تنخواہ دار طبقے کیلئے سالانہ 12لاکھ ٹیکس چھوٹ کم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ تجویز منظور ہونے سے سالانہ ٹیکس چھوٹ کی حد 9لاکھ ہوجائے گی، سالانہ ٹیکس چھوٹ سے قومی خزانے کو پچیس ارب کا نقصان ہوتا ہے۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے 26 مئی کو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن حفیظ شیخ کوکم وقت میں بجٹ کی تیاری اورآئی ایم ایف سے معاہدے کا چیلنج درپیش ہے۔ نجی ٹی وی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حفیظ شیخ کو 5سالوں میں 37ارب ڈالر کا قرضہ اداکرنا ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال حفیظ شیخ کوساڑھے 9ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ ادا کرنا ہوگا۔

اس کیلئے انتہائی کم وقت رہ گیا ہے۔اسی طرح اگلے سال 28ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ ادا کرنا پڑے گا۔2020-21ء میں ساڑھے 7ارب ڈالر اور 2021-22ء میں 6ارب ڈالر قرضہ ادا کرنا ہوگا۔دوسری جانب وفاقی مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے آج اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ عبدالحفیظ شیخ نے مشیر خزانہ کا عہدہ چیلنج سمجھ کرقبول کیا ہے۔حفیظ شیخ کو پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کا پوری طرح ادراک ہے۔ مشیر خزانہ نے چارج سنبھالنے کے فوری بعد ایک منٹ بھی ضائع کیے بغیر عالمی مالیاتی اداروں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں